کرناٹک

سوِگّی اور زومیٹو کو ٹکر دینے فلپ کارٹ کی تیاری، فوڈ ڈیلیوری سروس کا آغاز متوقع

بتایا جا رہا ہے کہ فلپ کارٹ اپنی موجودہ مرکزی ایپ کے ساتھ ساتھ فوڈ ڈیلیوری کے لیے ایک الگ ایپ بھی متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے۔ اس طرح صارفین کو کھانے کا آرڈر دینے کے لیے مخصوص پلیٹ فارم بھی فراہم کیا جا سکتا ہے۔

بنگلورو: ملک کی معروف ای کامرس کمپنی فلپ کارٹ اب فوڈ ڈیلیوری کے شعبے میں بھی قدم رکھنے کی تیاری کر رہی ہے۔ کمپنی سوِگّی اور زومیٹو کو سخت مقابلہ دینے کے لیے بنگلورو میں 15 اگست سے پہلے اپنی فوڈ ڈیلیوری سروس شروع کرنے کی تیاری میں ہے۔

رپورٹس کے مطابق فلپ کارٹ نے بنگلورو میں ریسٹورنٹس کو اپنے پلیٹ فارم سے جوڑنے کا عمل شروع کردیا ہے۔ کمپنی ابتدا میں اس سروس کو تجرباتی طور پر محدود صارفین کے لیے شروع کرے گی اور صارفین کے ردِعمل کی بنیاد پر سروس میں بہتری لاتے ہوئے اسے مرحلہ وار ملک کے دیگر شہروں تک توسیع دینے کا منصوبہ رکھتی ہے۔

فلپ کارٹ کی اس پیش رفت کی سب سے خاص بات ریسٹورنٹس سے وصول کیا جانے والا کمیشن ہے۔ موجودہ فوڈ ڈیلیوری پلیٹ فارم عام طور پر ریسٹورنٹس اور ہوٹلوں سے تقریباً 16 سے 30 فیصد تک کمیشن وصول کرتے ہیں، جبکہ فلپ کارٹ مبینہ طور پر صرف 10 فیصد کمیشن کے ساتھ ریسٹورنٹس کو اپنی جانب متوجہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

کمیشن کی یہ شرح ریسٹورنٹس کے لیے ایک اہم کشش بن سکتی ہے، کیونکہ زیادہ کمیشن طویل عرصے سے فوڈ ڈیلیوری کاروبار سے وابستہ ریسٹورنٹس کے لیے ایک بڑا مسئلہ رہا ہے۔ فلپ کارٹ اسی فرق کو استعمال کرتے ہوئے مارکیٹ میں اپنی جگہ بنانے کی کوشش کر سکتی ہے۔

کمپنی پہلے بھی فلپ کارٹ منٹس کے ذریعے فوری اشیائے ضروریہ کی ترسیل کے شعبے میں قدم رکھ چکی ہے۔ اسی طرز پر فوڈ ڈیلیوری سروس بھی پہلے محدود صارفین کے لیے شروع کیے جانے کا امکان ہے۔ صارفین سے حاصل ہونے والی آرا اور تجربات کی بنیاد پر سروس کو مزید علاقوں تک پھیلایا جائے گا۔

بتایا جا رہا ہے کہ فلپ کارٹ اپنی موجودہ مرکزی ایپ کے ساتھ ساتھ فوڈ ڈیلیوری کے لیے ایک الگ ایپ بھی متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے۔ اس طرح صارفین کو کھانے کا آرڈر دینے کے لیے مخصوص پلیٹ فارم بھی فراہم کیا جا سکتا ہے۔

فلپ کارٹ گروپ کے چیف ایگزیکٹو افسر کلیان کرشنا مورتی نے چند روز قبل ہی اعلان کیا تھا کہ کمپنی آنے والے چند ہفتوں میں فوڈ ڈیلیوری سروس شروع کرنے والی ہے۔ اب کمپنی کی جانب سے ریسٹورنٹس کو اپنے پلیٹ فارم سے جوڑنے کی کارروائی تیز کیے جانے سے اس شعبے میں داخلے کی تیاریاں آخری مرحلے میں پہنچتی دکھائی دے رہی ہیں۔

فی الحال ہندوستان میں فوڈ ڈیلیوری مارکیٹ پر سوِگّی اور زومیٹو کا غلبہ ہے۔ حال ہی میں ریپیڈو نے بھی اس شعبے میں قدم رکھا ہے۔ ایسے میں والمارٹ گروپ سے وابستہ فلپ کارٹ کی آمد سے فوڈ ڈیلیوری مارکیٹ میں مقابلہ مزید سخت ہونے کا امکان ہے۔

خاص طور پر کم کمیشن کی پیشکش کے ذریعے ریسٹورنٹس کو اپنی طرف راغب کرنا فلپ کارٹ کی حکمت عملی کا اہم حصہ سمجھا جا رہا ہے۔

 اب دیکھنا یہ ہوگا کہ بنگلورو میں تجرباتی طور پر شروع ہونے والی یہ سروس صارفین اور ریسٹورنٹس کے درمیان کتنی مقبول ہوتی ہے اور فلپ کارٹ سوِگّی اور زومیٹو کے مضبوط نیٹ ورک کو کس حد تک چیلنج کر پاتی ہے۔