حیدرآباد میں 9 ہوٹلوں، ریسٹورنٹس اور ہاسٹلس پر فوڈ سیفٹی کے دھاوے، 4 کے لائسنس معطل
تلنگانہ فوڈ سیفٹی ڈپارٹمنٹ نے TG SAFE مہم کے تحت صارفین کی شکایات پر CURE ریجن میں 9 ہوٹلوں، ریسٹورنٹس اور ہاسٹلس کا معائنہ کیا۔ اس دوران کئی مقامات پر سنگین بے قاعدگیاں اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔
حیدرآباد: تلنگانہ فوڈ سیفٹی ڈپارٹمنٹ نے TG SAFE مہم کے تحت صارفین کی شکایات پر CURE ریجن میں 9 ہوٹلوں، ریسٹورنٹس اور ہاسٹلس کا معائنہ کیا۔ اس دوران کئی مقامات پر سنگین بے قاعدگیاں اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔
آٹھ خصوصی ٹیموں نے پولیس کے ساتھ شہر کے مختلف علاقوں میں واقع کھانے پینے کے مراکز پر دھاوے کرتے ہوئے جانچ کی۔ عہدیداروں کو بعض مقامات پر FSSAI لائسنس موجود نہ ہونے، گٹکھا کے داغ، لال بیگ، چوہوں کی بیٹ، خراب کاجو، مصنوعی فوڈ کلرس کے استعمال اور سبزی خور و غیر سبزی خور کھانے ایک ساتھ رکھنے جیسی خامیاں ملیں۔
کارروائی کے تحت چار ہوٹلوں کے لائسنس معطل کردیے گئے۔ ان میں مدھاپور کی ایّاّپا سوسائٹی میں واقع باوارچی، کوکٹ پلی کا دی اسپائس کچن، ٹولی چوکی کا ماتم الیمانی عربین ریسٹورنٹ اور چندا نگر کا اناپورنا کیٹررس شامل ہیں۔
ٹولی چوکی کے الکریم بیکرس اور گوپلی گوڑلی کے سری لکشمی لکژری مینس ہاسٹل کو بند کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔
عہدیداروں نے آٹھ غذائی نمونے حاصل کیے، جبکہ تقریباً 135 کلو گرام ملاوٹی اور خراب غذائی اشیا ضبط کرکے تلف کردی گئیں۔
چیتنیہ پوری کے راجو گاری بریانی، ناگولے کے سواڈ اسپائسی اور دو دیگر اداروں کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیے گئے۔ بالکم پیٹ کے محفل ریسٹورنٹ کو اصلاحی نوٹس دیا گیا۔
حکام نے آن لائن فوڈ ڈیلیوری پلیٹ فارمس سوئگی اور زومیٹو کو بھی ہدایت دی ہے کہ جن چار ہوٹلوں کے لائسنس معطل کیے گئے ہیں، انہیں فوری طور پر اپنے پلیٹ فارم سے ہٹا دیا جائے۔
فوڈ سیفٹی ڈپارٹمنٹ کے مطابق یہ کارروائیاں ہوٹلوں میں صفائی اور غذائی معیار کو یقینی بنانے اور عوام کو غیر محفوظ کھانے سے بچانے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔