تلنگانہ میڈیکل کونسل کی عطائی ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی، گدوال میں چار غیر قانونی کلینک بے نقاب
تلنگانہ میڈیکل کونسل (ٹی جی ایم سی) نے ریاست میں عطائی ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی تیز کردی ہے۔ اس سلسلے میں جوگولامبا گدوال ٹاؤن میں اچانک معائنے کے دوران چار ایسے کلینک اور فرسٹ ایڈ مراکز کا پتہ چلا ہے، جہاں غیر مستند افراد مبینہ طور پر طبی خدمات انجام دے رہے تھے۔
جوگولامبا گدوال: تلنگانہ میڈیکل کونسل (ٹی جی ایم سی) نے ریاست میں عطائی ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی تیز کردی ہے۔ اس سلسلے میں جوگولامبا گدوال ٹاؤن میں اچانک معائنے کے دوران چار ایسے کلینک اور فرسٹ ایڈ مراکز کا پتہ چلا ہے، جہاں غیر مستند افراد مبینہ طور پر طبی خدمات انجام دے رہے تھے۔
ٹی جی ایم سی کے عہدیداروں کی جانب سے کی گئی اچانک جانچ کے دوران انکشاف ہوا کہ ان مراکز میں طبی قابلیت اور ضروری رجسٹریشن کے بغیر افراد ایلوپیتھک ادویات تجویز کررہے تھے۔ اس کے علاوہ مریضوں کو انجکشن لگانے، آئی وی فلوئڈز چڑھانے اور خون کے نمونے جمع کرنے جیسے طبی کام بھی انجام دیے جارہے تھے۔
تلنگانہ میڈیکل کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر کے مہیش کمار نے خبردار کیا کہ بغیر مطلوبہ طبی قابلیت اور رجسٹریشن کے علاج کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایسے افراد کے خلاف تلنگانہ میڈیکل پریکٹیشنرز رجسٹریشن ایکٹ 1968 اور نیشنل میڈیکل کمیشن (این ایم سی) ایکٹ 2019 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
کونسل نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ آر ایم پی، پی ایم پی اور فرسٹ ایڈ مراکز میں علاج کروانے سے قبل متعلقہ ڈاکٹر کی طبی قابلیت اور رجسٹریشن کی تصدیق ضرور کریں۔ غیر مستند افراد سے علاج کروانا صحت کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔
ٹی جی ایم سی نے عوام سے یہ بھی اپیل کی ہے کہ اگر کہیں غیر قانونی طور پر طبی پریکٹس کا معاملہ سامنے آئے تو اس کی شکایت درج کروائیں۔
شکایات کے لیے:
- واٹس ایپ: 9154382727
- ای میل: [email protected]