ٹرین کی منتظر خاتون کی اجتماعی عصمت ریزی
ٹرین چھوٹ جانے کی وجہ سے میاں بیوی اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر 1 پر اگلی ٹرین کا انتظار کر رہے تھے کہ دو افراد آئے اور انہوں نے جی آر پی کا عملہ ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے خاتون اور اس کے شوہر سے پوچھ گچھ شروع کر دی۔
اشوک نگر: مدھیہ پردیش کے اشوک نگر ضلع کے منگاوالی ریلوے اسٹیشن پر اپنے شوہر کے ساتھ ٹرین کا انتظار کر رہی ایک خاتون کی اجتماعی عصمت دری کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ متاثرہ نے پولیس کو بتایا کہ دونوں نامعلوم ملزمان نے اپنا تعلق جی آر پی (گورنمنٹ ریلوے پولیس) سے بتایا تھا۔
جی آر پی تھانہ انچارج جے ایل اہیروار نے بتایا کہ خاتون کی شکایت پر دو نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔
پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق یہ واقعہ جمعہ کی رات تقریباً 11 بجے پیش آیا، جس کی اطلاع انہیں ہفتہ کی صبح تقریباً 4 بجے ملی۔ پولیس کے مطابق، چندیری تھانہ علاقے کے دیہی علاقے کی رہنے والی 30 سالہ متاثرہ خاتون اپنے شوہر کے ساتھ بھوپال-جودھپور ٹرین سے جے پور جانے کے لیے منگاوالی ریلوے اسٹیشن پہنچی تھی۔
ٹرین چھوٹ جانے کی وجہ سے میاں بیوی اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر 1 پر اگلی ٹرین کا انتظار کر رہے تھے کہ دو افراد آئے اور انہوں نے جی آر پی کا عملہ ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے خاتون اور اس کے شوہر سے پوچھ گچھ شروع کر دی۔
ملزم نے خاتون کے شوہر سے ٹکٹ اور آدھار کارڈ طلب کیا اور اسی دوران ایک شخص نے خاتون کے شوہر سے کہا کہ آپ کے پاس ٹکٹ نہیں ہے، اسی لیے صاحب آپ کو دفتر بلا رہے ہیں۔ یہ کہہ کر وہ خاتون کے شوہر کو ایک جانب لے گیا جبکہ دوسرا شخص وہیں کھڑا رہا، کچھ دیر بعد اس نے خاتون سے کہا کہ صاحب آپ کو بھی بلا رہے ہیں۔
اس کے بعد وہ خاتون کو اسٹیشن کے پیچھے جھاڑیوں میں لے گیا اور اس کی عصمت دری کی۔ کچھ دیر بعد پہلا ملزم بھی اکیلا لوٹ آیا اور اس نے بھی خاتون کو جنسی زیادتی کا شکار بنایا۔
واقعے کے بعد خاتون اسٹیشن پہنچی اور ڈائل 100 پر واقعے کی اطلاع دی۔ خاتون کی شکایت پر منگاوالی پولیس ریلوے اسٹیشن پہنچی اور اشوک نگر جی آر پی کو اطلاع دی۔ جی آر پی پولیس اشوک نگر نے متاثرہ کی شکایت پر دونوں نامعلوم ملزمان کے خلاف عصمت دری کا معاملہ درج کرلیا ہے۔