حیدرآباد

جی ایچ ایم سی انتخابات، پہلے ایک میئر کی آدھی نشستیں جیت کردکھائیں، بی جے پی پر ملعون راجہ سنگھ کی تنقید

راجہ سنگھ نے کہا کہ "میڈیا، عوامی جلسوں اور اخبارات میں مسلسل یہ دعوے کیے جا رہے ہیں کہ بی جے پی جی ایچ ایم سی کی تینوں میئر نشستیں جیت لے گی۔ میں کہتا ہوں تین نہیں، ایک بھی نہیں۔ پہلے ایک ہی میئر نشست میں آدھی سیٹیں جیت کر دکھائیں، پھر بڑی بڑی باتیں کریں۔"

حیدرآباد: گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) کی منتخب گورننگ باڈی کی پانچ سالہ مدت اس سال فروری میں مکمل ہونے کے بعد کارپوریشن اس وقت خصوصی افسران کے زیرِ انتظام چل رہی ہے۔ اسی دوران ریاستی حکومت نے جی ایچ ایم سی کی تنظیمِ نو کرتے ہوئے اسے تین علیحدہ میونسپل کارپوریشنز میں تقسیم کر دیا ہے۔

حکومتی احکامات کے مطابق اب گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی)، سائبر آباد میونسپل کارپوریشن اور ملکاجگیری میونسپل کارپوریشن کے نام سے تین الگ کارپوریشنز وجود میں آچکی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ان کارپوریشنز کے انتخابات رواں سال کے اختتام تک کرائے جانے کا امکان ہے۔

اسی پس منظر میں جی ایچ ایم سی انتخابات میں تینوں میئر نشستیں جیتنے سے متعلق بی جے پی رہنماؤں کے دعوؤں پر پارٹی سے خارج شدہ رہنما راجہ سنگھ نے سخت ردِعمل ظاہر کیا ہے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

راجہ سنگھ نے کہا کہ "میڈیا، عوامی جلسوں اور اخبارات میں مسلسل یہ دعوے کیے جا رہے ہیں کہ بی جے پی جی ایچ ایم سی کی تینوں میئر نشستیں جیت لے گی۔ میں کہتا ہوں تین نہیں، ایک بھی نہیں۔ پہلے ایک ہی میئر نشست میں آدھی سیٹیں جیت کر دکھائیں، پھر بڑی بڑی باتیں کریں۔”

راجہ سنگھ کے یہ بیانات سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گئے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ان کے اس چیلنج پر بی جے پی قیادت یا پارٹی رہنما کیا ردِعمل ظاہر کرتے ہیں۔