دیگر ممالک

چین میں لینڈ سلائیڈنگ 8 افراد ہلاک 34 لاپتہ ویڈیو وائرل

غیر ملکی میڈیا کے مطابق مٹی اور چٹانوں کا بڑا تودا گرنے سے 10 سے زائد عمارتیں ملبے تلے دب گئیں

بیجنگ :  چین کے شہر چونگ کنگ میں لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک جبکہ 34 لاپتہ ہو گئے ہیں، جبکہ بڑے پیمانے پر تباہی کے باعث ایک ہزار سے زائد افراد بے گھر ہو گئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق مٹی اور چٹانوں کا بڑا تودا گرنے سے 10 سے زائد عمارتیں ملبے تلے دب گئیں، جبکہ اس حادثے کے نتیجے میں ایک ہزار 100 سے زیادہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا پڑا۔

چینی میڈیا نے بتایا کہ مسلسل ہونے والی شدید بارشوں کے باعث یہ لینڈ سلائیڈنگ پیش آئی۔

چینی حکام کے مطابق امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور اب تک ملبے تلے دبے 10 افراد کو زندہ نکال لیا گیا ہے، جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ حکام نے آٹھ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے، جبکہ 34 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

حکام کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ تقریباً 18 ہزار مکعب میٹر ملبے اور چٹانوں پر مشتمل تھی، جس نے وسیع علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

علاقائی منصوبہ بندی کے ذمہ دار حکام نے خبردار کیا ہے کہ حالیہ خراب موسمی حالات کے باعث علاقے میں مزید لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ برقرار ہے۔