مفت برقی اسکیم میں کرایہ دار بھی شامل
کرناٹک کے چیف منسٹر سدارامیا نے کہا کہ200یونٹ مفت برقی تمام گھریلو صارفین کو فراہم کی جائے گی جن میں کرایہ دار بھی شامل ہوں گے۔
بنگلورو: کرناٹک کے چیف منسٹر سدارامیا نے کہا کہ200یونٹ مفت برقی تمام گھریلو صارفین کو فراہم کی جائے گی جن میں کرایہ دار بھی شامل ہوں گے۔
سابق چیف منسٹر ڈی دیوراج اُرس کی 41 ویں برسی پر ان کے مجسمہ کی گلپوشی کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے سدارامیا نے کہا کہ 200 یونٹ تک برقی بلز ادا کرنے کی ضرورت نہیں۔ اس کا اطلاق کرایہ داروں پر بھی ہوگا۔ البتہ تجارتی عمارتوں پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔“
گروہا جیوتی اسکیم سے استفادہ کے لیے جاری کردہ رہنما خطوط میں واضح کیا گیا کہ استفادہ کنندہ کو کسٹمر آئی ڈی اور اکاؤنٹ آئی ڈی آدھار کارڈ سے مربوط کرنا ہوگا۔ رہنما خطوط میں یہ بھی ذکر ہے کہ اگر صارف کے نام پر ایک سے زیادہ کنکشن ہیں تو ایک ہی کنکشن پر غور کیا جائے گا۔
ان رہنماخطوط نے الجھن پیدا کردی اور عوام کی اکثریت پر سوالیہ نشان پیدا ہوگیا جو کرایہ کے مکانات میں مقیم ہیں اور ان کے مکانات پر برقی کنکشنز ان کے مکانداروں کے نام پر ہوں گے جو کئی جائیدادوں کے مالک ہوتے ہیں۔
وزیر توانائی کے جے جارج نے وضاحت کی کہ چوں کہ کرایہ کے مکانات میں مقیم افراد کی اکثریت نے کانگریس کو ووٹ دیا، حکومت ان کے مفادات کا تحفظ کرے گی اور یقینی بنائے گی کہ انہیں بھی گروہا جیوتی اسکیم کا فائدہ حاصل ہو۔
کانگریس حکومت نے کرناٹک میں بھاگیہ جیوتی، کوتیرا جیوتی اور امرتا جیوتی اسکیمات کو بھی گروہا جیوتی اسکیم میں ضم کردیا۔برقی شرحوں میں اضافہ اور گاؤکشی قانون پر نظرثانی کے ریاستی حکومت کے فیصلے پر بی جے پی کے احتجاج پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سدارامیا نے سوال کیا کہ زعفرانی جماعت کو احتجاج کرنے کا کیا اخلاقی حق حاصل ہے؟ چیف منسٹر نے بی جے پی پر اس کے اقتدار کے دوران ریاست کو برباد اور بدنام کرنے کا الزام عائد کیا۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی قائدین کے پاس کوئی کام نہیں ہے اس لیے وہ احتجاج کررہے ہیں۔ انہیں اس کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے۔“ سدارامیا کے مطابق بی جے پی نے اپنا کوئی بھی انتخابی وعدہ پورا نہیں کیا جس میں 10 گھنٹے مفت برقی، کسانوں کی قرض معافی اور آبپاشی پر1.5 لاکھ کروڑ خرچ کرنے کا وعدہ شامل ہے۔
بی جے پی پر عوام نواز اقدامات میں خامیاں تلاش کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ یہ لوگ (بی جے پی) عوام دشمن پارٹی ہیں۔ جب وہ اقتدار میں تھے تو لوٹ کھسوٹ کی اور رشوت ستانی میں ملوث رہے، ریاست کا نام خراب کیا اور پھر چلے گئے۔ اب وہ ہمیں سکھانے آرہے ہیں، اس پر کیا کہا جائے؟ دریں اثناء برقی شرحوں میں اضافہ اور گاؤکشی قانون سے متعلق ریاستی وزیر کے بیان کے خلاف بی جے پی کا احتجاج دوسرے دن میں داخل ہوگیا۔