گوگل نے سری دیوی کو ان کے 60ویں یوم پیدائش پر ڈوڈل بنا کر خراج تحسین پیش کیا
گوگل نے اپنے ڈوڈل پر مختلف فلموں میں شاندار کردار ادا کرنے والی اداکارہ سری دیوی کو رقص کرتے ہوئے پیش کیا ہے۔ وہ بالی ووڈ کی پہلی خاتون سپر اسٹار تھیں۔
کولکتہ: سرچ انجن گوگل نے اتوار کو لیجنڈری اداکارہ سری دیوی کو ان کے 60 ویں یوم پیدائش پر خصوصی ڈوڈل بناکر خراج عقیدت پیش کیا۔ گوگل اپنے انوویٹیوڈوڈلز کے لیے جانا جاتا ہے۔
اسی سلسلے میں آج گوگل نے اپنے ڈوڈل پر مختلف فلموں میں شاندار کردار ادا کرنے والی اداکارہ سری دیوی کو رقص کرتے ہوئے پیش کیا ہے۔ وہ بالی ووڈ کی پہلی خاتون سپر اسٹار تھیں۔
سرچ انجن نے سری دیوی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی دلکش مسکراہٹ والی تصویر پیش کی ہے ۔سری دیوی 13 اگست 1963 کو تامل ناڈو میں پیدا ہوئیں اور انہوں نے 300 سے زائد فلموں میں اداکاری کی۔ انہوں نے اداکاری کا آغاز محض چار سال کی عمر میں تامل فلم کندھن کرونائی سے کیا تھا۔
انہوں نے اپنے دلکش انداز اور جادوئی اداکاری سے کئی سالوں تک سامعین کے دلوں پر راج کیا۔ انہیں سال 2013 میں پدم شری سے نوازا گیا تھا۔ انہوں نے ہندی فلم انڈسٹری کے علاوہ تیلگو، تامل، ملیالم اور کنڑ فلموں میں بھی اداکاری کی۔
سال 2017 میں سری دیوی نے کرائم تھرلر فلم مام میں ماں کا کردار ادا کیا۔ اس کے لیے انہیں بہترین اداکارہ کے نیشنل فلم ایوارڈ سے نوازا گیا۔
گوگل نے کہا ’’سری دیوی نے ہندوستانی سنیما میں خواتین کے لیے اہم کردار ادا کرنے کے لیے نئی راہیں نکال کر فلم انڈسٹری پر ہمیشہ کے لیے اپنی چھاپ چھوڑی۔ انہیں اپنے وقت کے عظیم ترین ہندوستانی اداکاراوں میں سے ایک کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔‘‘