گورنر کا دورہ عثمانیہ ہاسپٹل مریضوں سے بات چیت
گورنر تلنگانہ ڈاکٹر تمیلی سائی سندرا راجن نے آج دواخانہ عثمانیہ کا دورہ کرتے ہوئے مریضوں سے ملاقات کی اور فراہم کی جارہی سہولتوں کے متعلق معلومات حاصل کیں۔

حیدرآباد: گورنر تلنگانہ ڈاکٹر تمیلی سائی سندرا راجن نے آج دواخانہ عثمانیہ کا دورہ کرتے ہوئے مریضوں سے ملاقات کی اور فراہم کی جارہی سہولتوں کے متعلق معلومات حاصل کیں۔
گورنر کا پرنسپل عثمانیہ میڈیکل کالج ششی کلا نے خیر مقدم کیا بعدازاں انہوں نے دواخانہ کے اطراف واکناف اور پرانی عمارت کا معائنہ کیا۔ گورنر نے کہاکہ عثمانیہ دواخانہ کے متعلق عدالت کی جانب سے دکھائی جارہی دلچسپی قابل ستائش ہے۔
انہوں نے کہاکہ میں نے دواخانہ میں ٹائلٹس کامعائنہ کیا‘صورتحال کافی خراب ہے۔ دواخانہ سے روزانہ دو ہزار مریض رجوع ہوتے ہیں۔ یومیہ 200 آپریشنس انجام دیئے جارے ہیں۔ دھول و گرد سے مریضوں کو پریشانی ہورہی ہے۔
گورنر نے کہاکہ عثمانیہ دواخانہ کی عمارت کو تعمیر کئے 100 سال ہوچکے ہیں۔ جنرل وارڈ میں صرف چند فیانس کام کررہے ہیں۔ مریض شدید گرمی کی وجہ سے پریشان ہیں۔
دواخانہ کے لیے نئی عمارت تعمیر کرنے کی ضرورت ہے۔ گورنر نے واضح کیا کہ ان کے دورہ عثمانیہ دواخانہ کامقصد کسی کو غلط ثابت کرنا نہیں ہے۔
حالیہ عرصہ کے دوران گورنر نے ٹوئٹر پر عثمانیہ دواخانہ کے لیے نئی عمارت تعمیر کرنے کی ضرورت ظاہر کی تھی۔ جسٹس فار او جی ایچ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے انہوں نے دواخانہ کی خراب صورتحال پر تشویش کااظہار کیاگیا۔
گورنر نے کہاکہ عثمانیہ دواخانہ میں علاج کے ذریعہ صحت یاب ہوئے لوگوں کی فہرست طویل ہے او رحکومت سے خواہش کی کہ دواخانہ کے لیے جلد از جلد نئی عمارت کی تعمیر کو یقینی بنائے۔