محبوب نگر میں آئی یو ایم ایل کے ضلعی دفتر کا شاندار افتتاح، کارکنوں کا زبردست جوش و خروش
محبوب نگر میں انڈین یونین مسلم لیگ (آئی یو ایم ایل) کے ضلعی دفتر کا باضابطہ افتتاح نہایت جوش و خروش اور ولولہ انگیز ماحول میں عمل میں آیا۔ اس موقع پر پارٹی کے ریاستی، ضلعی اور مقامی سطح کے قائدین کے علاوہ کارکنوں اور حامیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
محبوب نگر میں انڈین یونین مسلم لیگ (آئی یو ایم ایل) کے ضلعی دفتر کا باضابطہ افتتاح نہایت جوش و خروش اور ولولہ انگیز ماحول میں عمل میں آیا۔ اس موقع پر پارٹی کے ریاستی، ضلعی اور مقامی سطح کے قائدین کے علاوہ کارکنوں اور حامیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
افتتاحی تقریب میں آئی یو ایم ایل تلنگانہ کے ریاستی صدر ایڈوکیٹ محمد شکیل، سینئر رہنما جناب مظہر شہید، جناب مظفر، ضلع انچارج و آرگنائزنگ سکریٹری صادق حسین، ضلع صدر جناب ہاشم اور دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایڈوکیٹ محمد شکیل نے کہا کہ انڈین یونین مسلم لیگ نے ہمیشہ آئینی اقدار، جمہوری اصولوں اور اقلیتی حقوق کے تحفظ کو اپنی سیاست کا محور بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی یو ایم ایل کی تاریخ عوامی خدمت، سماجی انصاف، تعلیم، روزگار اور شہری سہولیات جیسے بنیادی مسائل کو اجاگر کرنے سے عبارت ہے۔
ریاستی صدر نے مزید کہا کہ علیحدہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد بعض وجوہات کی بنا پر پارٹی چند بلدیاتی انتخابات میں فعال شرکت نہیں کر سکی، تاہم اب آئی یو ایم ایل آئندہ بلدیاتی انتخابات میں پوری تیاری اور قوت کے ساتھ میدان میں اترنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پارٹی کو عوام، بالخصوص اقلیتوں، پسماندہ اور معاشی طور پر کمزور طبقات کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔
تقریب سے خطاب کرنے والے دیگر قائدین نے کہا کہ ضلعی دفتر کے قیام سے پارٹی کی تنظیمی سرگرمیوں کو تقویت ملے گی اور عوامی مسائل و شکایات کے حل میں تیزی آئے گی۔ انہوں نے بتایا کہ آئی یو ایم ایل کا مقصد تلنگانہ کے تمام اضلاع میں نچلی سطح تک اپنے تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط بنانا ہے۔
مقررین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ آئی یو ایم ایل صاف ستھری سیاست، شفاف حکمرانی اور عوامی مفاد کے لیے جدوجہد پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ اتحاد، نظم و ضبط اور بھرپور محنت کے ساتھ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں پارٹی کی کامیابی کو یقینی بنائیں۔
تقریب میں پارٹی کارکنوں، حامیوں اور مقامی عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ آخر میں منتظمین کی جانب سے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا گیا۔