حیدرآباد: میر تحفظ علی قادری کی 40 سالہ مثالی خدمات پر باوقار سبکدوشی تقریب
مولانا مفتی ڈاکٹر صابر پاشاہ قادری نے کہا کہ "آج کے دور میں باعزت انداز میں سرکاری ملازمت سے سبکدوش ہونا قدرت کا انعام ہے۔ جناب قادری کی خدمات نہ صرف محکمہ فینانس بلکہ پورے معاشرے کے لیے یادگار رہیں گی۔"

حیدرآباد: محکمہ فینانس، حکومتِ تلنگانہ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ جناب میر تحفظ علی قادری آج 31 مئی 2025 کو 61 برس کی عمر میں اپنی 40 سالہ سرکاری خدمات مکمل کرتے ہوئے باعزت طور پر سبکدوش ہو گئے۔
سبکدوشی کے موقع پر ایک پرتپاک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں محکمہ فینانس کے اعلیٰ عہدیداران، مذہبی و سماجی شخصیات اور سابق رفقائے کار نے شرکت کی۔ جناب میر تحفظ علی قادری کو ان کی دیانتداری، خلوص، فرض شناسی اور خدمتِ خلق کے جذبے پر شاندار خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب میں ڈپٹی پے اینڈ اکاؤنٹ آفیسر جناب شیخ طالب اور اسسٹنٹ پے اینڈ اکاؤنٹ آفیسر محترمہ فرخندہ فرحین نے بھی اظہارِ خیال کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ جناب قادری کی محنت اور سنجیدگی آج کے نوجوان سرکاری ملازمین کے لیے ایک مثال ہے۔
صدر مدرس، سرکاری فوقانیہ دارالشفاء جناب محمد مسعود الدین احمد اور تلنگانہ اسٹیٹ حج ہاؤز کے خطیب و امام مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے شال پوشی اور گلپوشی کرتے ہوئے ان کی صحت و سلامتی اور آئندہ زندگی کے لیے دعا کی۔
مولانا مفتی ڈاکٹر صابر پاشاہ قادری نے کہا کہ "آج کے دور میں باعزت انداز میں سرکاری ملازمت سے سبکدوش ہونا قدرت کا انعام ہے۔ جناب قادری کی خدمات نہ صرف محکمہ فینانس بلکہ پورے معاشرے کے لیے یادگار رہیں گی۔”
جناب میر تحفظ علی قادری کا تعلق ضلع میدک کے علمی گھرانے سے ہے۔ وہ اپنے والد محترم الحاج میر حافظ علی قادری صدر مدرس سرکاری فوقانیہ ٹیکمال کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے علم، خدمت اور سادگی کو اپنی زندگی کا شعار بنایا۔
دورانِ ملازمت انہوں نے نہ صرف ایمانداری سے سرکاری فرائض انجام دیے بلکہ ملازمین کے مسائل کو حل کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ ان کی کوششوں سے کئی مسائل حل ہوئے اور درجنوں ملازمین کو فائدہ پہنچا۔
جناب قادری کی دینی و مذہبی وابستگی بھی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ انہوں نے حیدرآباد بھر میں میلاد النبی ﷺ، سیرت النبی ﷺ، اور عشقِ رسول ﷺ کے موضوع پر سینکڑوں جلسوں اور محافل کا انعقاد کروایا۔ گوشہ درود قائم کر کے امت کو حضور اکرم ﷺ سے روحانی تعلق کی تجدید کی طرف راغب کیا۔
ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے تمام مقررین نے کہا کہ جناب میر تحفظ علی قادری کی شخصیت عملی، علمی، سماجی اور روحانی خدمات کا حسین امتزاج ہے۔ محکمہ فینانس ان کی کمی کو ہمیشہ محسوس کرے گا۔
سبکدوشی پر تمام رفقائے کار اور اہلِ خاندان نے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور ایک باوقار، باکردار اور فرض شناس افسر کی حیثیت سے ان کی زندگی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔