جموں و کشمیر

سری نگر کی سنڈے مارکٹ میں گرینیڈ حملہ، 12شہری زخمی

سری نگر میں اتوار کی دو پہر دہشت گردوں نے سی آر پی ایف کی ایک گاڑی پر گرینیڈ پھینکا جو نشانہ پر نہیں لگا اور سڑک پر گرکر پھٹ پڑا۔ 12 سے زائد راہگیر اور دوکاندار زخمی ہوگئے۔

سری نگر (آئی اے این ایس) سری نگر میں اتوار کی دو پہر دہشت گردوں نے سی آر پی ایف کی ایک گاڑی پر گرینیڈ پھینکا جو نشانہ پر نہیں لگا اور سڑک پر گرکر پھٹ پڑا۔ 12 سے زائد راہگیر اور دوکاندار زخمی ہوگئے۔

متعلقہ خبریں
کلگام انکاؤنٹر، 3فوجی اور ایک پولیس عہدیدار زخمی
سری نگر کو جموں و کشمیر کا مستقل دارالحکومت بنادیاجائے: انجینئر رشید
سری نگر میں رواں سیزن کی گرم ترین رات
کشمیر میں دہشت گردوں کو کچل دینے سیکوریٹی فورسس کو مکمل آزادی: منوج سنہا
میرواعظ عمر فاروق، نظربند

نامعلوم دہشت گردوں نے سری نگر شہر میں ٹورسٹ ریسپشن سنٹر (ٹی آر سی) چوراہا کے قریب سی آر پی ایف کی موبائل بنکر گاڑی پر گرینیڈ پھینکا۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ گرینیڈ نشانہ پر نہیں لگا اور سڑک پر گرکر پھٹ پڑا۔ 12 سے زائد شہری زخمی ہوئے۔

زخمیوں کو دواخانہ منتقل کیا گیا اور تلاشی کے لئے علاقہ کو گھیر لیا گیا۔ پولیس اور سی آر پی ایف کے سینئر عہدیدار پہنچ گئے۔ گرینیڈ جس جگہ پھٹا وہاں ہر اتوار کو سنڈے مارکٹ لگتی ہے۔ ہاکرس کھلے علاقہ میں گرم کپڑے، بلانکٹس، برتن، کراکری اور جوتے وغیرہ بیچتے ہیں۔ اتوار کو دوکانیں بند رہتی ہیں۔

چیف منسٹر عمرعبداللہ نے حملہ کی مذمت کی۔ انہوں نے ایکس پر پوٹ میں کہا کہ گزشتہ چند دنوں میں وادی میں حملوں اور انکاؤنٹر کی خبریں سرخیوں میں رہیں۔ آج سری نگر سنڈے مارکٹ میں بے قصور شاپرس پر گرینیڈ حملہ کی خبر آئی ہے، جو تکلیف دہ ہے۔

بے قصور لوگوں کو نشانہ بنانے کا کوئی جواز نہیں ہوسکتا۔ ایک دن قبل لشکر طیبہ کا سرکردہ کمانڈر عثمان بھائی عرف چھوٹا ولید شہرخاص سری نگر کے خانیار علاقہ میں انکاؤنٹر میں مارا گیا تھا۔ 4 سیکوریٹی جوان زخمی ہوئے تھے۔ گزشتہ ماہ دہشت گردوں نے ضلع گاندر بل کے گگن گیر علاقہ میں ورکرس کے ایک کیمپ پر حملہ کرکے 6غیر مقامی ورکرس اور ایک مقامی ڈاکٹر کو ہلاک کردیا تھا۔

نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق چیف منسٹر فاروق عبداللہ نے الزام عائد کیا کہ عمرعبداللہ کی سیاسی حکومت کو غیرمستحکم کرنے کے لئے یہ حملے ہورہے ہیں۔ انہوں نے آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا، تاکہ یہ پتہ چلے کہ ان حملوں میں کس ایجنسی کا ہاتھ ہے۔ پی ٹی آئی کے بموجب دہشت گردوں نے اتوار کے دن سری نگر کے قلب شہر میں پرہجوم ویکلی مارکٹ میں سی آر پی ایف بنکر پر گرینیڈ پھینکا۔ کم از کم 11 شہری زخمی ہوگئے۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی۔

آل انڈیا اور دودرشن کیندر کے کڑے پہرہ والے کمپلیکس کے قریب یہ حملہ ہوا۔ سیکوریٹی فورسس نے کل ہی خانیار میں لشکرطیبہ کے سرکردہ پاکستانی کمانڈر کو ہلاک کیا تھا۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے بتایا کہ دہشت گردوں نے ٹی آر سی کے قریب سنٹرل ریزروپولیس فورس کے بنکر پر گرینیڈ پھینکا تاہم اس کا نشانہ چوک گیا اور وہ سڑک کے کنارے گرپڑا۔

سنڈے مارکٹ کے قریب یہ دھماکہ ہوا جہاں ہزاروں لوگ خریداری کے لئے آتے ہیں۔ دھماکہ سے علاقہ میں افراتفری مچ گئی۔ عہدیدار نے کہا کہ دہشت گردوں نے ہفتہ کے دن لشکر کمانڈر کی ہلاکت کے بعد مایوسی کی حالت میں یہ حملہ کیا ہے۔ چیف منسٹر عمرعبداللہ نے حملہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیکوریٹی ڈھانچہ کو چاہئے کہ وہ جموں و کشمیر میں دہشت گردوں کی روک تھام کے لئے ہر ممکن اقدام کرے۔

11زخمیوں میں 2 عورتیں شامل ہیں۔جموں و کشمیر کانگریس کے صدر طارق حمیدقرا نے بھی گرینیڈ حملہ کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس کو موثر اقدامات کرنے ہوں گے، تاکہ لوگ کسی خوف کے بغیر آزادانہ نقل و حرکت کرسکیں۔