شرمیلا کی کانگریس میں شمولیت سے ہنمنت راؤ لاعلم
ہنمنت راؤ نے کہا کہ اگر شرمیلا واقعی کانگریس میں شامل ہونے کا ارادہ رکھتی ہیں تو ان کے لئے بہتر ہوگا کہ وہ آندھرا پردیش کی سیاست کو ترجیح دیں۔

حیدرآباد: سینئر کانگریس قائد وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ صدر وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی وائی ایس شرمیلا کی کانگریس میں شمولیت کے متعلق وہ لا علم ہیں آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ اگر شرمیلا واقعی کانگریس میں شامل ہونے کا ارادہ رکھتی ہیں تو ان کے لئے بہتر ہوگا کہ وہ آندھرا پردیش کی سیاست کو ترجیح دیں۔
ان کیلئے تلنگانہ سے زیادہ آندھرا پردیش فائدہ مند رہے گا۔ راؤ نے کہا کہ کانگریس کا سنہرا ماضی واپس آرہا ہے۔ ہم بی آر ایس کو شکست سے دوچار کرنے کے موقف میں آچکے ہیں اور اس صورتحال میں کوئی بھی کانگریس پارٹی سے دوری اختیار کرنے کے معلق سوچ بھی نہیں سکتا۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس کی لہر شروع ہوچکی ہے۔ تمام مسلمان، کانگریس کے ساتھ ہیں۔ سب کو یقین ہوچکا ہے کہ صرف کانگریس ہی حقیقی معنوں میں سیکولر جماعت ہے اور بی جے پی کو اقتدار سے ہٹانے کی طاقت کا نگریس ہی کے پاس ہے۔ انہوں نے عوام سے بی آر ایس اور بی جے پی کے گمراہ کم پروپگنڈہ سے خود کو محفوظ رکھنے کی اپیل کی۔