تلنگانہ میں 5 دنوں تک موسلادھار بارش کا امکان، عوام کواحتیاطی تدابیر اختیار کرنےکا مشورہ
آصف آباد، نرمل، نظام آباد، جگتیالا، کریم نگر، کھمم، حیدرآباد سمیت کئی اضلاع میں ہلکی سے درمیانی بارش بھی ہو سکتی ہے۔ 9 ستمبر تک شدید بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے، جس کے پیش نظر عوام کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

حیدرآباد: تلنگانہ میں آئندہ پانچ دنوں کے دوران شدید بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ حیدرآباد میٹرولوجیکل سنٹر نے خبردار کیا ہے کہ خلیج بنگال میں بننے والے ہوا کے کم دباؤ کے سبب ریاست میں موسلادھار بارشیں جاری رہیں گی۔
امراوتی موسمیاتی مرکز کے مطابق شمال مغربی خلیج بنگال، شمالی آندھرا اور جنوبی اوڈیشہ کے ساحلی علاقوں میں ہوا کے کم دباؤ کا ایک نظام وجود میں آیا ہے۔ یہ نظام سطح زمین سے 7.6 کلومیٹر اوپر تک پھیلا ہوا ہے اور اگلے 2 دنوں میں شمال کی طرف بڑھنے کی توقع ہے۔
مانسون کی گرت سورت گڑھ، روہتک، اورائی، منڈلا سے ہوتی ہوئی خلیج بنگال کے شمالی اور جنوب مشرقی علاقوں تک پھیل رہی ہے، جس سے تلنگانہ میں بارشوں کا سلسلہ مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔
میٹرولوجیکل سنٹر نے خبردار کیا ہے کہ 9 ستمبر تک تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارشیں جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس سلسلے میں متعلقہ اضلاع میں یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
آصف آباد، منچریال، کھمم، محبوب آباد، ورنگل، عادل آباد، بھوپال پلی، ملگ، کتہ گوڑم، ورنگل، ہنمکنڈہ میں بھی موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ، آصف آباد، نرمل، نظام آباد، جگتیالا، کریم نگر، کھمم، حیدرآباد سمیت کئی اضلاع میں ہلکی سے درمیانی بارش بھی ہو سکتی ہے۔ 9 ستمبر تک شدید بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے، جس کے پیش نظر عوام کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔