دیگر ممالک

افغانستان میں سیلاب کی ہولناک تباہی، 20 افراد جاں بحق، 100 سے زائد لاپتہ

سیلابی ریلوں میں بہہ جانے والے لاپتا افراد کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔

کابل : ا فغانستان کے مشرقی علاقوں بالخصوص صوبہ نورستان میں شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی۔

افغانستان کے مشرقی اور شمال مشرقی علاقوں بالخصوص پاکستان کی سرحد سے متصل صوبہ نورستان میں شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد جاں بحق، 80 سے زائد زخمی اور 100 کے قریب افراد لاپتہ ہو گئے ہیں۔

افغان ڈیزاسٹر ایجنسی کے حکام کے مطابق صوبہ نورستان اور اس کے دارالحکومت ‘پارون’ میں آنے والے ناگہانی سیلاب نے ہوٹلوں، مکانات اور درجنوں دکانوں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔

سیلابی پانی کے ساتھ آنے والے بڑے بڑے پتھروں اور کیچڑ نے پارون میں دریا کے کنارے قائم مارکیٹوں اور دکانوں کا نام و نشان مٹا دیا ہے۔

ریسکیو اداروں نے فوری امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے اب تک 20 لاشیں نکال لی ہیں جبکہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ سیلابی ریلوں میں بہہ جانے والے لاپتا افراد کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔

افغان ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی نے مختلف صوبوں میں مزید تیز بارشوں اور طوفان کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ندی نالوں، دریاؤں کے کناروں اور سیلابی خطرے سے دوچار علاقوں سے دور رہیں۔