غزہ میں یرغمالی جلد رہا ہو جائیں گے، تفصیل نہیں بتا سکتا: امریکی صدر
بائیڈن نے امید ظاہر کی کہ یرغمالیوں کی رہائی کے لیے طویل مذاکرات اب ایک معاہدے کے قریب پہنچ گئے ہیں، یقین ہے یرغمالیوں کی رہائی ہونے والی ہے۔ تاہم انھوں نے کہا کہ میں اس حوالے سے تفصیل نہیں بتا سکتا۔

واشنگٹن:امریکی صدر جو بائیڈن نے امید ظاہر کی ہے کہ غزہ میں حماس کے ہاتھوں یرغمالی جلد رہا ہو جائیں گے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے منگل کو کہا کہ انھیں یقین ہے کہ غزہ میں حماس کے ہاتھوں یرغمال ہونے والے افراد کی رہائی کے لیے ایک معاہدہ طے پا سکتا ہے۔
سی این این کے مطابق بائیڈن نے امید ظاہر کی کہ یرغمالیوں کی رہائی کے لیے طویل مذاکرات اب ایک معاہدے کے قریب پہنچ گئے ہیں، یقین ہے یرغمالیوں کی رہائی ہونے والی ہے۔ تاہم انھوں نے کہا کہ میں اس حوالے سے تفصیل نہیں بتا سکتا۔
بائیڈن نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ وہ روزانہ متعلقہ افراد سے بات چیت کر رہے ہیں، لیکن وہ تفصیل میں نہیں جانا چاہتے، وائٹ ہاؤس نے منگل کی رات کہا کہ بائیڈن نے دن کے اوائل میں اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے ساتھ یرغمالیوں کی رہائی کی کوششوں پر طویل بات چیت کی۔
سی این این کے مطابق اسرائیل اور حماس ایک معاہدے کے قریب پہنچ رہے ہیں جس میں لڑائی میں کئی دنوں کا وقفہ کیا جائے گا اور اس کے بدلے یرغمالی رہا ہوں گے۔