صحت

فنگل انفیکشن سے اپنے آپ کو کیسے بچایا جائے، ایڈوائزری جاری

ایمس کے ڈرمیٹالوجی کے شعبہ کے سربراہ ڈاکٹر نوین کمار کنسل نے کہا کہ بارش کا موسم نہ صرف اپنے ساتھ کئی مسائل لے کر آتا ہے بلکہ اس موسم میں جلد کی الرجی سے متعلق کئی طرح کی بیماریاں بھی جنم لیتی ہیں۔

رشیکیش/دہرادون: بارش کے موسم میں جلد کی بیماریوں کے بارے میں احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔ یہ موسم خاص طور پر فنگس یا الرجی کے شکار لوگوں کے لیے مزید مسائل پیدا کر سکتا ہے۔ اس موسم میں ماحول میں نمی کی زیادتی اور جسم میں پسینہ آنے کی وجہ سے جلد کی کئی اقسام کے امراض کا امکان بڑھ جاتا ہے۔

اتراکھنڈ کے رشی کیش میں واقع آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) نے اس معاملے میں جمعہ کو ایک ایڈوائزری جاری کی ہے اور خاص احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔

ایمس کے ڈرمیٹالوجی کے شعبہ کے سربراہ ڈاکٹر نوین کمار کنسل نے کہا کہ بارش کا موسم نہ صرف اپنے ساتھ کئی مسائل لے کر آتا ہے بلکہ اس موسم میں جلد کی الرجی سے متعلق کئی طرح کی بیماریاں بھی جنم لیتی ہیں۔

انہوں نے اس کی وجہ برسات کے موسم میں جراثیم کی تیزی سے نشوونما اور جلد کے انفیکشن کے بڑھتے ہوئے خطرے کو قرار دیا۔ اس حوالے سے معلومات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صفائی نہ ہونے، زیادہ دیر تک پرہجوم جگہوں پر رہنے، زیادہ پسینہ آنا، گیلے یا نم کپڑے پہننے اور موسم میں نمی کی وجہ سے موسم برسات میں جلد کے مختلف امراض لاحق ہوتے ہیں۔ ان میں جلد پر خارش، چکتے نکلنا اور بال گرنا اہم بیماریاں ہیں۔

ڈاکٹر کنسل نے بتایا کہ زیادہ تر کیسز میں یہ فنگل انفیکشن ہوتا ہے اور بروقت علاج نہ ہونے کی وجہ سے یہ جلد کی کئی جگہوں پر پھیلنے لگتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایمس میں جلد کی بیماریوں سے متعلق تمام قسم کے ٹیسٹ اور علاج دستیاب ہیں۔

اس شعبہ کی ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر ریتی بھاٹیہ کا کہنا ہے کہ بارش کے موسم میں چہرے پر مہاسوں اور سرخ پپلز کا نمودار ہونا عام بات ہے۔ اسے الرجی یا ایکزیما بھی کہا جاتا ہے۔ خاص طور پر یہ جسم پر خارش والے سرخ دھبوں کے ساتھ دیکھا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ اکثر لوگوں کو بارش کے موسم میں بال گرنے اوران میں رکھے پن کا مسئلہ بھی ہوتا ہے۔ اس لیے جلد کی بیماریوں سے بچنے کے لیے جسمانی صفائی کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے۔

شعبہ جلد کے امراض کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر سوشانتیکا نے بتایا کہ روزانہ نہانا ضروری ہے، اچھے خشک کپڑے پہنیں، بارش میں بھیگنے کی وجہ سے گیلے کپڑے فوری طور پر تبدیل کریں اور جسم کے پسینے والی جگہوں کو صاف کریں۔

رومال یا تولیہ سے پونچھ کر خشک رکھنے سے ان بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے۔ استعمال شدہ کپڑے اور تولیے کسی اور کو استعمال نہیں کرنے چاہیئں۔ بارش کے موسم میں تیل سے سر کی زیادہ مالش نہیں کرنی چاہیے۔ ایسا کرنے سے بال ٹوٹنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ تاہم بالوں کے گرنے کی کچھ اور وجوہات بھی ہو سکتی ہیں جنہیں بروقت چیک کرالینا چاہیے۔

قابل ذکر ہے کہ ایمس میں ڈرمیٹولوجی ڈیپارٹمنٹ کی او پی ڈی اتوار کو چھوڑ کر ہفتے کے ہر کام کے دن ہوتی ہے۔ او پی ڈی نسخہ بنانے کے لیے رجسٹریشن کے اوقات صبح 7 بجے سے 11 بجے تک ہیں جبکہ الرجی کلینک ہر جمعہ کو کام کرتا ہے۔

a3w
a3w