بین الاقوامیسوشیل میڈیا
ٹرینڈنگ

مگرمچھ کے پیٹ سے انسانی اعضاء برآمد، لاپتہ تاجر کی تلاش میں اہم پیش رفت (ویڈیو)

:"تحقیقاتی ٹیم نے دریا میں ایک بڑے مگرمچھ کی نشاندہی کی جس کے بارے میں شبہ تھا کہ اس نے لاپتہ شخص پر حملہ کیا ہے۔ قانونی اجازت ملنے کے بعد اس مگرمچھ کو ہلاک کر دیا گیا، جس کے معائنے کے دوران اس کے اندر سے انسانی باقیات برآمد ہوئیں۔"

جنوبی افریقہ: صوبہ مپومالانگا (Mpumalanga) میں پولیس اور امدادی ٹیموں نے ایک دل دہلا دینے والے آپریشن کے دوران کوماتی دریا میں موجود ایک مگرمچھ کے پیٹ سے انسانی باقیات برآمد کر لی ہیں۔ حکام کو شبہ ہے کہ یہ باقیات اس مقامی تاجر کی ہو سکتی ہیں جو گزشتہ ایک ہفتہ سے لاپتہ ہے۔

پولیس کے مطابق یہ سرچ آپریشن اس وقت شروع کیا گیا جب لاپتہ تاجر کی فورڈ رینجر (Ford Ranger) گاڑی دریا کے ایک نچلے پل پر پھنسی ہوئی ملی۔ گاڑی کی موجودگی نے شک پیدا کیا کہ تاجر کسی حادثے کا شکار ہوا ہے یا اس پر جنگلی جانور نے حملہ کیا ہے۔

پولیس ترجمان کرنل ماویلا ماسونڈو کے مطابق

:”تحقیقاتی ٹیم نے دریا میں ایک بڑے مگرمچھ کی نشاندہی کی جس کے بارے میں شبہ تھا کہ اس نے لاپتہ شخص پر حملہ کیا ہے۔ قانونی اجازت ملنے کے بعد اس مگرمچھ کو ہلاک کر دیا گیا، جس کے معائنے کے دوران اس کے اندر سے انسانی باقیات برآمد ہوئیں۔”

ڈی این اے ٹیسٹ اور شناخت
اگرچہ انسانی باقیات مل چکی ہیں، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی باقاعدہ شناخت ہونا باقی ہے۔ برآمد شدہ نمونوں کو ڈی این اے (DNA) ٹسٹ کے لیے لیبارٹری بھیج دیا گیا ہے تاکہ اس بات کی تصدیق ہو سکے کہ یہ وہی تاجر ہے جس کی تلاش جاری تھی۔

صوبے کے پولیس کمشنر، میجر جنرل زیف مکھوانازی نے خطرناک حالات میں کام کرنے والی ریسکیو ٹیموں کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے کہا کہ

"میں اس ٹیم کی ہمت کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر یہ آپریشن مکمل کیا۔ جنگلی حیات سے بھرے دریا میں کام کرنا آسان نہیں تھا، لیکن ٹیم نے ہمت نہیں ہاری۔”

کوماتی دریا کا علاقہ مگرمچھوں کی بہتات کے لیے جانا جاتا ہے۔ پولیس نے شہریوں اور ڈرائیوروں کو تنبیہ کی ہے کہ وہ دریاؤں اور برساتی نالوں کے قریب انتہائی احتیاط برتیں، خاص طور پر بارشوں کے بعد جب پانی کی سطح بلند ہوتی ہے اور مگرمچھوں کے حملے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔