حیدرآباد

حیدرآباد ایئرپورٹ بس کرایوں میں 150 روپے تک کمی، ٹی جی ایس آر ٹی سی کا اعلان

نئے کرایوں کے مطابق جے بی ایس–ایئرپورٹ اور جے این ٹی یو–ایئرپورٹ روٹس کا کرایہ 350 روپے سے کم کرکے 200 روپے کردیا گیا ہے۔ اس طرح مسافروں کو 150 روپے کی بچت ہوگی۔

حیدرآباد: تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (TGSRTC) نے حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ (RGIA) جانے والی پشپک اے سی بسوں کے کرایوں میں 40 فیصد تک کمی کا اعلان کیا ہے۔

نئے کرایے 7 اکتوبر 2026 سے نافذ ہوگئے ہیں۔ بعض اہم روٹس پر مسافروں کو زیادہ سے زیادہ 150 روپے تک کی بچت ہوگی۔

نئے کرایوں کے مطابق جے بی ایس–ایئرپورٹ اور جے این ٹی یو–ایئرپورٹ روٹس کا کرایہ 350 روپے سے کم کرکے 200 روپے کردیا گیا ہے۔ اس طرح مسافروں کو 150 روپے کی بچت ہوگی۔

اسی طرح میاپور ایکس روڈ–ایئرپورٹ کا کرایہ 350 روپے سے کم کرکے 250 روپے، جبکہ گچی باؤلی–ایئرپورٹ کا کرایہ 300 روپے سے کم کرکے 150 روپے کردیا گیا ہے۔

لنگم پلی–ایئرپورٹ اور کونڈاپور–ایئرپورٹ روٹس پر بھی کرایہ 300 روپے سے کم کرکے 200 روپے کردیا گیا ہے۔

ٹی جی ایس آر ٹی سی کے مطابق بعض جے بی ایس–مہدی پٹنم اور جے بی ایس–آرام گھر خدمات کے کرائے بھی کم کرکے صرف 100 روپے کردیئے گئے ہیں۔

کرایوں میں کمی سے ایئرپورٹ جانے اور آنے والے مسافروں، خصوصاً روزانہ سفر کرنے والے افراد کو راحت ملنے کی توقع ہے۔ اس اقدام سے حیدرآباد ایئرپورٹ کے لیے پشپک اے سی بس سروس کو مزید سستا اور قابل رسائی بنانے میں مدد ملے گی۔