حیدرآباد

حیدرآباد کو سرمایہ کاری کا عالمی مرکز بنایا جائے گا۔ ہائی ٹیکس میں پراپرٹی شو کا افتتاح

ریاستی وزیر آبپاشی وسیول سپلائز این اتم کمار ریڈی نے کہا ہے کہ کانگریس حکومت، حیدرآباد کو عالمی سرمایہ کاری کے مرکز کے طور پر ترقی دے گی اور حیدرآباد کا شمار دنیا کے بڑے شہروں میں ہوگا۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر آبپاشی وسیول سپلائز این اتم کمار ریڈی نے کہا ہے کہ کانگریس حکومت، حیدرآباد کو عالمی سرمایہ کاری کے مرکز کے طور پر ترقی دے گی اور حیدرآباد کا شمار دنیا کے بڑے شہروں میں ہوگا۔

متعلقہ خبریں
تلنگانہ کانگریس، 14 لوک سبھا حلقوں سے کامیاب ہوگی: اتم کمارریڈی
آبپاشی پروجیکٹوں پر 10.8 ہزار کروڑ خرچ کئے جائیں گے: اتم کمار ریڈی
سیلاب جیسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے چوکسی اختیار کرنے عہدیداروں کو ہدایت: اتم کمار ریڈی
وجئے بھیری جلسہ عام تاریخی رہے گا: اتم کمار ریڈی

اتم کمار ریڈی آج ہائی ٹیکس میں آئی جی بی سی، گرین پراپرٹی شو2024 کا افتتاح کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی نئی حکومت گلوبل سرمایہ کا روں کو یہ پیام ارسال کرے گی کہ حیدرآباد ہر لحاظ سے ہندوستان اور تلنگانہ کا عالمی سطح کا سرمایہ کاری مرکز بن گیا ہے۔

انہوں نے انفراسٹرکچر کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد میں انٹر نیشنل ایر پورٹ، آوٹر رنگ روڈ، ایکسپرس وے، فلائی اوورس، گوداوری اور کرشنا ندی سے پینے کے پانی کی سربراہی جیسی سہولتیں ہیں ان پروجیکٹس کو کانگریس دور حکومت نے 2004تا2014 میں تعمیر کئے گئے تھے۔

ہم حیدرآباد میں مزید انفراسٹرکچر کو ترقی دیں گے۔ بالخصوص چیف منسٹر اے ریونت ریڈی میٹرو ریل لائن کو شہر کے اطراف توسیع دینا چاہتے ہیں اس کے علاوہ موسیٰ ریور پروجیکٹ کو گلو بل معیار کی طرز پر ترقی دینے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت تجارت کے فروغ کیلئے دوستانہ ماحول اور تمام سہولتیں فراہم کرے گی۔

تاکہ سرمایہ کاروں میں احساس پیدا ہوکہ حکومت ان کے ساتھ تعاون کرے گی، اور ہم پوری شفافیت کے ساتھ صنعتکاروں، سرمایہ کاروں، انفارمیشن ٹکنالوجی، تعمیرات اور رئیل اسٹیٹ کے شعبہ میں مکمل تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ سرمایہ کاری کا ایک اہم شعبہ ہے اور اس شعبہ میں سرمایہ کاری کے وسیع تر مواقع ہیں۔

سرمایہ کاروں کے مطالبات، ان کی ضروریات اور شکایتوں کا جائزہ لینے کیلئے24گھنٹے حکومت تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچیکہ ان کی حکومت برسر اقتدار آکر صرف5ماہ ہوئے ہیں، اس دوران پارلیمانی انتخابات کے ضمن میں ضابطہ اخلاق کا نفاذ ہوچکا تھا اب جبکہ انتخابی عمل بہت جلد ختم ہوجائے گا حکومت، صنعتوں کے قیام، تعمیرات اور رئیل اسٹیٹ کے فروغ پر خصوصی توجہ مرکوز کرے گی۔

ہم کاروبار کی توسیع و ترقی کیلئے امن وامان کی برقراری، عالمی طرز کے انفراسٹرکچر کی سہولت فراہم کریں گے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ (آئی جی بی سی) انڈین گرین بلڈنگ کونسل ریاست بھر میں تجارت کے فروغ کیلئے ایک خوشگوار ماحول پیدا کرے گی۔

جس سے رئیل اسٹیٹ اور انڈسٹریز کے فروغ پر گہرا اثر پڑے گا۔ قبل ازیں وزیر صنعت ڈی سریدھر بابو نے اپنے خطاب میں کہا کہ کانگریس حکومت آئی ٹی برآمدات میں دگنا اضافہ کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔

انہوں نے تیقن دیا کہ حکومت اضافی اسٹرکچر کو منہدم نہیں کرے گی بلکہ آئی ٹی انڈسٹریز کے فروغ کیلئے انہیں تعمیر کیا جائے گا۔ ہم تجارت کو یہ نئی شکل دیں گے۔ چیرمین آئی جی بی سی شیکھر ریڈی نے مہمانوں کا استقبال کیا۔