حیدرآباد

امین پور میں حائیڈرا کا سروے

کمشنر حائیڈرا اے وی رنگناتھ کی ہدایت پر پارکوں اور سڑکوں پر غیر قانونی تجاوزات کے الزامات کے جواب میں امین پور میں ایک جامع سروے کیا جا رہا ہے۔

حیدرآباد (منصف نیوز بیورو) کمشنر حائیڈرا اے وی رنگناتھ کی ہدایت پر پارکوں اور سڑکوں پر غیر قانونی تجاوزات کے الزامات کے جواب میں امین پور میں ایک جامع سروے کیا جا رہا ہے۔

وینکٹارامنا کالونی کے مکینوں کی شکایات میں گولڈن وینچرز پر پارک کی ایک ایکڑ اراضی پر قبضہ کرنے کے ساتھ ساتھ سڑکوں پر تجاوزات کرنے کا الزام لگایا گیا تھا جس کے بعد تحقیقات کا آغازکیا گیا جے ڈی سروے آفس کے عہدیداروں نے، حائیڈرا کے اہلکاروں کے ساتھ، وسیع سروے انجام دیا جس میں پانچ سروے نمبروں میں 150 ایکڑ سے زیادہ کا احاطہ کیا گیا۔

یہ سروے وینکٹ رامنا اور چکراپوری کالونیوں کے عوام، گولڈن وینچرز کے نمائندوں، اور قریبی کمیونٹی کے اراکین کی موجودگی میں کیا گیا۔

حائیڈرا ٹیم نے مقام کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور سروے نمبروں کی بنیاد پر پارک کے مخصوص علاقوں اور سڑکوں کی حفاظت کے لیے کام کیا۔

انہوں نے سروے نمبرز اور باؤنڈری اسٹونز کا استعمال کرتے ہوئے زمینی حدود کی نشاندہی کی، جس میں عوامی مقامات پر کسی بھی غیر مجاز توسیع کو واضح کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔

اس آپریشن میں حائیڈرا ایچ ایم ڈی اے، بلدیہ، ریونیو اور سروے ڈپارٹمنٹ کے اہلکاروں نے حصّہ لیا اور زمین کی صحیح حد بندیوں کا تعین کرنے اور اسے محفوظ بنانے کا کام کیا۔