کمسن لڑکے کوبے لباس اورمذہبی نعرے لگانے پر مجبور کردیاگیا، ویڈیو وائرل
متاثرہ لڑکااسٹار اسکوائر کے قریب کھیل رہاتھا جب ایک ملزم کے پاس پہونچا اوراسے دوسرے مقام پر لے گیا۔ متاثرہ لڑکے نے پولیس کوبتایاکہ مہالکشمی نگرعلاقہ میں ایک فلائی اوورکے قریب پہونچنے پر ایک اورلڑکا ان کے ساتھ شامل ہوگیا۔
بھوپال: مدھیہ پردیش کے شہر اندورمیں ایک 12 سالہ لڑکے کومبینہ طورپر بے لباس کردیا گیا اور مذہبی نعرے لگانے پر مجبورکیا گیا۔ ایک سینئرپولیس عہدیدارنے آج یہ بات بتائی۔ ملزمین جو نابالغ بھی ہیں اورمتاثرہ سے جان پہچان رکھتے ہیں،انہیں حراست میں لے لیاگیاہے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کی رات دیر گئے منظرعام پر آیاجب اس کا ویڈیوسوشل میڈیاپر نمودارہوا۔ متاثرہ لڑکااسٹار اسکوائر کے قریب کھیل رہاتھا جب ایک ملزم کے پاس پہونچا اوراسے دوسرے مقام پر لے گیا۔ متاثرہ لڑکے نے پولیس کوبتایاکہ مہالکشمی نگرعلاقہ میں ایک فلائی اوورکے قریب پہونچنے پر ایک اورلڑکا ان کے ساتھ شامل ہوگیا۔
دونوں نے اسے مذہبی نعرے لگانے پر مجبورکیا اور مارپیٹ بھی کی۔ انہوں نے اسے مبینہ طورپر کپڑے اتاردینے پر بھی مجبورکیا۔ لڑکا وہاں سے بچ نکلنے میں کامیاب رہااوراس نے اپنے والدین کو اس سارے واقعہ کے بارے میں بتایا۔ اس کے بعد والدین اسے قریبی پولیس اسٹیشن لے گئے اورجمعرات کو شکایت درج کرائی۔
ایک سینئر پولیس عہدیدار نے بتایاکہ ملزمین اورمتاثرہ لڑکاایک دوسرے کوجانتے ہیں ہم نے ملزم کوحراست میں لے لیا اورتعزیرات ہند کی متعلقہ دفعات کے تحت کیس درج کرلیا۔ہم نے لوگوں سے درخواست کی ہے کہ وہ اس واقعہ کی ویڈیو کوسوشل میڈیاپر وائرل نہ کریں کیونکہ ملزمین اور متاثرہ دونوں کمسن ہیں۔ہم وجوہات کاپتہ چلانے کی کوشش کررہے ہیں۔