جرائم و حادثات

تلنگانہ میں دردناک حادثہ، کنویں میں کار گرنے سے 4 افراد ہلاک

یہ خاندان بدھ کی شام سدی پیٹ میں ایک تقریب میں شرکت کے بعد گھر واپس لوٹ رہا تھا کہ یہ حادثہ پیش آیا۔

سدی پیٹ :   دوباک منڈل کے گاؤں اپانا پلی میں بدھ کی دیر رات ایک کار کے بے قابو ہو کر سڑک کنارے کنویں میں گر جانے سے ایک ہی خاندان کے چار افراد، جن میں دو معصوم بچے بھی شامل ہیں

پولیس کے مطابق متوفین کی شناخت راجو (30)، ان کی اہلیہ بھاگیہ (25)، ان کے بیٹے نیانش (4) اور بیٹی سان ویکا (2) کے طور پر ہوئی ہے، جو بلاونتا پور گاؤں کے رہائشی تھے۔ یہ خاندان بدھ کی شام سدی پیٹ میں ایک تقریب میں شرکت کے بعد گھر واپس لوٹ رہا تھا کہ یہ حادثہ پیش آیا۔

جب خاندان گھر نہیں پہنچا اور ان سے رابطہ بھی نہیں ہو سکا تو ان کے رشتہ داروں نے پولیس کو اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے ان کے موبائل فون سگنل کو ٹریس کیا اور اپانا پلی کی سرحد پر ان کا سراغ لگا لیا۔

موقع پر پہنچ کر پولیس نے کار کو کنویں میں پایا اور ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ راجو، بھاگیہ اور ان کے دونوں بچوں کی لاشوں کو گاڑی سے نکال کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس نے مزید بتایا کہ کیس درج کر لیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔