جرائم و حادثات

ہندوستان سے سعودی عرب بھیجی جانے والی منشیات ضبط 2 گرفتار

اس معاملے میں ملوث برآمد کنندہ (ایکسپورٹر) اور ٹرانسپورٹر / فریٹ فارورڈر کی شناخت کی اور جانچ میں پایا کہ ٹرانسپورٹر / مال فارورڈر اس برآمدی کھیپ کی نقل و حمل اور کسٹمز کلیئرنس کے لیے بیرونِ ملک مقیم خریدار کے ساتھ مل جل کر کام کر رہا تھا

نئی دہلی :  منشیات کی بین الاقوامی اسمگلنگ کے خلاف کارروائی میں ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) نے ممبئی سے سمندر کے راستے زرعی پیداوار کے طور پر سعودی عرب بھیجی جا رہی منشیات میتھامفیٹامائن کی ایک کھیپ پکڑی ہے اور اس معاملے میں مشتبہ طور پر ملوث دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری ایک ریلیز کے مطابق ڈی آر آئی کی طرف سے 16-17 اگست کو خفیہ اطلاع کی بنیاد پر چلائی گئی مہم میں ممبئی کے نہوا شیوا پورٹ پر ایک برآمدی کھیپ سے پاؤڈر کی شکل میں تقریباً 56 کلوگرام میتھامفیٹامائن برآمد کیا گیا۔ یہ ممنوعہ شے کھیپ میں شامل 351 بوریوں میں سے ایک میں مکئی کے ساتھ انتہائی چالاکی سے ملا کر چھپائی گئی تھی۔

برآمد شدہ میتھامفیٹامائن کو نارکوٹک ڈرگز اینڈ سائیکو ٹروپک سبسٹانسز (این ڈی پی ایس) ایکٹ، 1985 کے تحت ضبط کر لیا گیا ہے۔ افسران نے اس معاملے میں ملوث برآمد کنندہ (ایکسپورٹر) اور ٹرانسپورٹر / فریٹ فارورڈر کی شناخت کی اور جانچ میں پایا کہ ٹرانسپورٹر / مال فارورڈر اس برآمدی کھیپ کی نقل و حمل اور کسٹمز کلیئرنس کے لیے بیرونِ ملک مقیم خریدار کے ساتھ مل جل کر کام کر رہا تھا۔

اسمگلنگ کی کوشش میں ان کے مبینہ کردار کی بنیاد پر دونوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اسمگلنگ کا مال باہر بھیجنے کے لیے میتھامفیٹامائن کی ایک بڑی مقدار کو مکئی میں اس طرح ملایا گیا تھا کہ اس کی شناخت نہ ہو سکے۔ اسے اسمگلنگ کا ایک خاص طریقہ بتایا گیا ہے۔