حیدرآباد

تلنگانہ اور آندھراپردیش میں شب معراج عقیدت و احترام سے منائی گئی

8 فروری(یواین آئی)تلنگانہ اور آندھراپردیش کی مساجد، زیارت گاہوں اور خانقاہوں میں شب معراج کے سلسلے میں عظیم الشان اور رُوح پرور اجتماعات ہوئے۔

حیدرآباد: تلنگانہ اور آندھراپردیش کی مساجد، زیارت گاہوں اور خانقاہوں میں شب معراج کے سلسلے میں عظیم الشان اور رُوح پرور اجتماعات ہوئے۔

متعلقہ خبریں
مثالی پڑوس، مثالی معاشرہ جماعت اسلامی ہند، راجندر نگر کا حقوق ہمسایہ ایکسپو
گچی باؤلی میں حائیڈرا کا بڑا ایکشن، غیرقانونی تعمیرات کا صفایا، ہائی کورٹ کے احکامات پر فوری کارروائی
کوہ مولا علی: کویتا کا عقیدت بھرا دورہ، خادمین کے مسائل اور ترقیاتی کاموں کی سست روی پر اظہار برہمی
فراست علی باقری نے ڈاکٹر راجندر پرساد کی 141ویں یومِ پیدائش پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا
فیوچر سٹی کے نام پر ریئل اسٹیٹ دھوکہ، HILT پالیسی کی منسوخی تک جدوجہد جاری رہے گی: بی آر ایس

لاکھوں کی تعداد میں لوگ رات بھر شب خوانی، ذکر واذکار، قرآن خوانی، درودو سلام، نمازوں کی ادائیگی اور مجالس میں مصروف رہے۔ اس دوران علمائے کرام نے فلسفہ معراج العالم پر روشنی ڈالی۔

شہر حیدرآباد میں چوک کی مسجد،مکہ مسجد میں سب سے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جس میں بڑی تعداد میں فرزندان توحید نے شرکت کی۔

اس موقع پر شب معراج سے ایک دن پہلے قبرستانوں کی بھی صفائی کا کام تلنگانہ وقف بورڈ کی جانب سے بڑے پیمانے پر کیا گیا تھا۔شب معراج کے موقع پر قبرستانوں میں قبور کی زیارت کرنے آنے والوں کے لئے روشنی کا انتظام کیا گیا تھا۔شب معراج اور جمعرات کی صبح بھی لوگ کثیر تعداد میں قبرستانوں میں اپنے مرحومین کے لئے ایصال ثواب اور ان کی قبور کی زیارت کرتے ہوئے دیکھے گئے۔

انتظامیہ نے اس کیلئے خصوصی انتظامات کئے تھے۔لوگوں نے ا ن روح پرور اجتماعات میں فلسفہ معراج، عظمت معراج، مقاصد معراج اور پیغام معراج کی عالمانہ طرز و انداز میں کی گئی تشریح اور خطابت سے بھر پور استفادہ کیا۔عمائدین ملت اور زعمائے ملت نے کہا کہ آقائے نامدار پیغمبر آخر الزماں (ص) نے مسجد حرام سے مسجد اقصیٰ پھر وہاں سے مقام قاب و قوسین اور لامکان تک کا جو سفر فرمایا تھا اسے اسریٰ اور معراج کہا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معراج النبی (ص) کا عظیم الشان عملی واقعہ اور بے نظیر معجزہ دراصل انسانی فکر اور شعور کے انقلاب کا نام ہے۔ حضرت محسن انسانیت (ص) کی معراج کے واقعہ سے ہی انسانی دنیا میں تحقیق، تفتیش، تلاش اور جستجو کی تڑپ پیدا ہوئی اور دور حاضر کا انسان چاند اور ستاروں پر کمندیں ڈالنے کا اہل بن سکا۔

انہوں نے کہا کہ معراج کے اہم واقعہ میں بے پناہ عبرت اور نصیحت کے ساتھ ساتھ دعوت و موعظت کے بھی بے شمار پہلو پنہاں ہیں جو ہر دور اور ہر زمانے میں اہل حق اور اہل فکر کیلئے مشعل راہ ہیں۔

سماج اور معاشرہ کی بگڑتی صورتحال، دین سے دوری، اسلامی شعائر اور دین کی بنیادی تعلیمات سے ناواقفیت، بے راہ روی کے بڑھتے ہوئے منفی رحجانات گھریلو تشدد، منشیات کی وبا اور دین کی آڑ میں بے دینی کو فروغ دینے کی منظم کوششوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے علما نے معاشرے کی ہمہ جہت اصلاح کیلئے والدین، اساتذہ،معزز شہریوں اور سماج کے باشعور افراد سے تعاون طلب کیاتاکہ ہماری نئی نسل کا دینی اورتعلیمی مستقبل روشن اور درخشاں ہو اور ایک اسلامی و فلاحی معاشرہ وجود میں آسکے۔

اے پی کے مختلف مقامات پر بھی شب معراج کی مناسبت سے بڑے بڑے اجتماع منعقد ہوئے۔ہزاروں لوگوں نے شب معراج کے روح پرور اجتماعات میں شرکت کی۔