انڈیا بلاک، نوکریوں کے بند دروازے کھول دے گا: راہول گاندھی
راہول گاندھی نے زور دے کر کہا کہ انڈیا بلاک نے عہد کیا ہے کہ نوجوانوں کے لئے نوکریوں کے ”بند دروازے“ کھول دیئے جائیں گے۔

نئی دہلی: کانگریس نے پیر کے دن نریندر مودی حکومت کو مخلوعہ جائیدادیں ”پر نہ کرنے“ کے لئے نشانہ تنقید بنایا۔ راہول گاندھی نے زور دے کر کہا کہ انڈیا بلاک نے عہد کیا ہے کہ نوجوانوں کے لئے نوکریوں کے ”بند دروازے“ کھول دیئے جائیں گے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی نیت روزگار دینے کی نہیں ہے۔ ایکس پر ہندی میں پوسٹ میں راہول گاندھی نے کہا کہ ملک کے نوجوان ایک چیز نوٹ کرلیں‘ نریندر مودی کی نیت نوکریاں دینے کی نہیں ہے۔ نئی نوکریاں نکالنا تو دور کی بات وہ مرکزی حکومت میں خالی پڑی جائیدادیں بھی دبائے بیٹھے ہیں۔
مرکزی حکومت نے پارلیمنٹ میں جو اعدادوشمار پیش کئے ان کے مطابق 74 محکموں میں 9 لاکھ 64 ہزار جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔ صرف اہم محکموں پر نظر ڈالی جائے تو ریلویز میں 2.93 لاکھ‘ وزارت ِ داخلہ میں 1.43لاکھ اور وزارت ِ دفاع میں 2.64لاکھ نوکریاں خالی پڑی ہیں۔
کانگریس قائد نے پوچھا کہ آیا مرکزی حکومت کے پاس کوئی جواب ہے کہ 15 بڑے محکموں میں 30 فیصد سے زائد جائیدادیں مخلوعہ کیوں ہیں۔ جھوٹی گارنٹیوں کا تھیلا لٹکانے والے وزیراعظم نریندر مودی کے دفتر میں اہم عہدے اتنی بڑی تعداد میں کیوں خالی پڑے ہیں۔
مستقل نوکری کو بوجھ سمجھنے والی بی جے پی حکومت مسلسل کنٹراکٹ سسٹم کو بڑھاوا دے رہی ہے جہاں نہ تو نوکری کی کوئی ضمانت ہوتی ہے اور نہ ہی عزت۔ راہول گاندھی نے کہا کہ مخلوعہ جائیدادیں ملک کے عوام کا حق ہیں۔
ہم نے ان نوکریوں کو پر کرنے کے لئے ٹھوس منصوبہ بنایا ہے۔ انڈیا بلاک کا عہد ہے کہ ہم نوجوانوں کے لئے نوکریوں کے بند دروازے کھول دیں گے۔