انڈیا بلاک 315 نشستیں جیتے گا۔ ممتا بنرجی کی پیش قیاسی
چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے پیر کے دن پیش قیاسی کی ہے کہ انڈیا بلاک کم ازکم 315 نشستیں جیتے گا جبکہ بی جے پی کو زیادہ سے زیادہ 195 نشستیں ملیں گی۔

کولکتہ: چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے پیر کے دن پیش قیاسی کی ہے کہ انڈیا بلاک کم ازکم 315 نشستیں جیتے گا جبکہ بی جے پی کو زیادہ سے زیادہ 195 نشستیں ملیں گی۔
انہوں نے کہا کہ تاحال پولنگ اچھی ہے‘ یہی وجہ ہے کہ مرکز میں برسراقتدار جماعت کے قائدین تناؤ میں ہیں۔ انہیں احساس ہوگیا ہے کہ نریندر مودی پھر وزیراعظم بننے والے نہیں۔ ان لوگوں کو اب 400 پار کا نعرہ نہیں لگانا چاہئے۔
انہیں صرف 195 نشستیں ملیں گی جبکہ انڈیا بلاک 315نشستیں جیتے گا۔ چیف منسٹر ممتا بنرجی پیر کے دن بنگاؤں حلقہ لوک سبھا کے تحت شمالی 24 پرگنہ میں ایک انتخابی ریالی سے خطاب کررہی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ متوا برادری کے لوگوں کو شہریت حاصل کرنے کے لئے سی اے اے کے تحت درخواست دینی ہوگی۔ اگر وزیراعظم کو متوا برادری سے اتنا لگاؤ ہے تو انہیں سی اے اے فارم پُر کئے بغیر ہی شہریت دینی چاہئے۔
ہم کسی بھی صورت میں سی اے اے پر عمل آوری روکنے پر اٹل ہیں۔ مرکز کو اگر اسے لاگو کرنا ہی ہے تو میری نعش پر سے گزرنا ہوگا۔ ترنمول کانگریس سربراہ نے بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ سندیش کھالی میں بے چینی کو ہوا دیتے ہوئے مغربی بنگال کی امیج مسخ کرنے کروڑہا روپے خرچ کررہی ہے۔
بنگاؤں سے پی ٹی آئی کے بموجب چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے پیر کے دن وزیراعظم نریندر مودی سے کہا کہ وہ ظلم و زیادتی کے تعلق سے جھوٹے دعوے کرتے ہوئے ریاست کی عورتوں کے عزت ِ نفس اور وقار سے کھلواڑ نہ کریں۔ مودی کو ذہن میں رکھنا چاہئے کہ مغربی بنگال کی صورتِ حال بی جے پی زیراقتدار ریاستوں جیسی نہیں ہے۔
ممتا بنرجی نے کہا کہ ہماری عورتوں سے دور رہو۔ یہ تمہارا اترپردیش‘ مدھیہ پردیش نہیں ہے۔ بنگال میں عورتیں عزت اور وقار کے ساتھ رہتی ہیں۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ انڈیا بلاک کو 300 سے زائد نشستیں ملیں گی۔ وہ مرکز میں برسراقتدار آئے گا۔