جمعیۃ علماء مہاراشٹر نے ہونہار طلبہ میں 20 لاکھ روپے کے اسکالرشپ تقسیم کیے
ٹرسٹ کی جانب سے بتایا گیا کہ پوسٹ گریجویشن، پروفیشنل کورسز اور میڈیکل کے طلبہ و طالبات کے لیے اسکالرشپ فارم جاری کرنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے، لہٰذا مزید درخواستوں پر بھی مرحلہ وار غور کیا جائے گا
ممبئی : جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) کے ذیلی ادارے مفتی کفایت اللہ میموریل ٹرسٹ کی جانب سے ہونہار اور مستحق طلبہ و طالبات میں اسکالرشپ تقسیم کرنے کی ایک باوقار تقریب ریاستی دفتر، امام باڑہ کمپاؤنڈ، ممبئی میں منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے صدر مولانا حلیم اللہ قاسمی نے کی۔
تقریب کے دوران اسکالرشپ کی پہلی حتمی فہرست میں 350 درخواستیں منظور کی گئیں، جن میں 21 غیر مسلم طلبہ و طالبات بھی شامل ہیں، جبکہ 19 ایل ایل بی اور ایل ایل ایم کے طلبہ کو بھی اسکالرشپ کے چیک فراہم کیے گئے۔ تقسیم کی گئی اسکالرشپ کی مجموعی مالیت 20 لاکھ روپے رہی۔
ٹرسٹ کی جانب سے بتایا گیا کہ پوسٹ گریجویشن، پروفیشنل کورسز اور میڈیکل کے طلبہ و طالبات کے لیے اسکالرشپ فارم جاری کرنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے، لہٰذا مزید درخواستوں پر بھی مرحلہ وار غور کیا جائے گا۔
تقریب میں راجیہ سبھا کے رکن اروند ساونت، رکن اسمبلی امین پٹیل، کانگریس پارٹی ممبئی کے ترجمان نظام الدین راعین، پولیس انسپکٹر سریش بابو چورٹ، سنتوش شنڈے، جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے نائب صدر مولانا محمد عارف عمری، جنرل سکریٹری مفتی محمد یوسف قاسمی، ناظم تنظیم مفتی حفیظ اللہ قاسمی، معاون خازن قاری محمد یونس چودھری، حافظ محمد عارف انصاری، مختلف یونٹوں کے ذمہ داران، نمائندوں اور معزز شہریوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر اروند ساونت نے کہا کہ تعلیم ہی وہ طاقت ہے جو افراد اور قوموں کی تقدیر بدل سکتی ہے۔ انہوں نے مفتی کفایت اللہ میموریل ٹرسٹ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مستحق طلبہ کی مالی معاونت ایک بہترین سماجی خدمت ہے، جس سے بے شمار طلبہ کے تعلیمی خواب پورے ہوں گے۔
رکن اسمبلی امین پٹیل نے کہا کہ معاشرے کی ترقی کے لیے تعلیم میں سرمایہ کاری سب سے مؤثر سرمایہ کاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے رفاہی ادارے نوجوان نسل کو بااعتماد اور خودمختار بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور حکومت و سماجی اداروں کو مل کر تعلیم کے فروغ کے لیے کام کرنا چاہیے۔
کانگریس پارٹی ممبئی کے ترجمان نظام الدین راعین نے کہا کہ مذہب و ملت سے بالاتر ہو کر مستحق طلبہ کی مدد کرنا حقیقی انسانیت کی خدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر مسلم طلبہ کو بھی اسکالرشپ فراہم کرکے مفتی کفایت اللہ میموریل ٹرسٹ نے قومی یکجہتی، بھائی چارے اور سماجی ہم آہنگی کا عملی پیغام دیا ہے۔
سابق رکن اسمبلی اور محمد حاجی صابو صدیق مسافر خانہ کے چیئرمین حاجی بشیر موسیٰ پٹیل نے بھی ٹرسٹ کی تعلیمی و رفاہی خدمات کی ستائش کی۔
اپنے صدارتی خطاب میں مولانا حلیم اللہ قاسمی نے کہا کہ تعلیم اسلام کی بنیادی تعلیمات میں شامل ہے اور قوم کی ترقی علم کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعیۃ علماء مہاراشٹر ہمیشہ تعلیمی، سماجی اور رفاہی خدمات میں پیش پیش رہی ہے اور مفتی کفایت اللہ میموریل ٹرسٹ کے ذریعے مستحق طلبہ کی مسلسل سرپرستی کی جا رہی ہے تاکہ کوئی بھی باصلاحیت طالب علم صرف مالی مجبوری کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہ رہے۔
تقریب کی نظامت جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے جنرل سکریٹری مفتی محمد یوسف قاسمی نے انجام دی، جبکہ اختتام پر ٹرسٹ کے ذمہ داران نے تمام مہمانوں، مخیر حضرات، جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے عہدیداران، مقامی یونٹوں کے نمائندوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مستقبل میں بھی مزید وسیع پیمانے پر اسکالرشپ پروگرام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔