جے پی نڈا کو بات چیت کے لئے جنتر منتر آنا ہوگا: سی جے پی
کاکروچ جنتا پارٹی(سی جے پی) کے ترجمان سورو داس نے چہارشنبہ کے دن کہا کہ ان کی تنظیم نے مرکزی وزیر جے پی نڈا تک یہ پیام پہنچادیا ہے کہ حکومت کو واقعی مسئلہ حل کرنے کی فکر ہے تو اسے احتجاجیوں سے بات چیت کے لئے جنترمنتر آنا ہوگا۔
نئی دہلی (آئی اے این ایس) کاکروچ جنتا پارٹی(سی جے پی) کے ترجمان سورو داس نے چہارشنبہ کے دن کہا کہ ان کی تنظیم نے مرکزی وزیر جے پی نڈا تک یہ پیام پہنچادیا ہے کہ حکومت کو واقعی مسئلہ حل کرنے کی فکر ہے تو اسے احتجاجیوں سے بات چیت کے لئے جنترمنتر آنا ہوگا۔
سورو داس نے سی جے پی کے ایک اور رکن آشوتوش رانکا کے ساتھ پیر کے دن جگت پرکاش نڈا سے ان کے بنگلہ میں ملاقات کی تھی اور انہیں تحریری یادداشت پیش کی تھی۔ سنسد چلو مارچ کے بیچ پیش کی گئی اس یادداشت میں 3 مطالبے کئے گئے تھے۔
آئی اے این ایس سے بات چیت میں سوروداس نے کہا کہ جے پی نڈا نے آج پھر دوسرے دور کی بات چیت کے لئے بلایا تھا۔ ہم نے انہیں بتادیا کہ ہم آپ کے دفتر یا بنگلہ پر آنے والے نہیں۔ ہمیں اُس دن ان لوگوں نے 4 گھنٹے انتظار کرایا تھا۔ ہمارا بھی وقت قیمتی ہے لہٰذا ہم نے انہیں اپنی طرف سے بتادیا کہ انہیں جنتر منتر آنا چاہئے۔
لوگوں میں آئیے اور اپنا نقطہ ئ نظر رکھئے۔ اگر آپ واقعی ہمارے مطالبات قبول کرنا چاہتے ہیں تو ہی ہمیں فون کیجئے۔ وزیراعظم کی سرکاری قیام گاہ کے سامنے کانگریس کے کل کے دھرنا کی تائید کرتے ہوئے سوروداس نے کہا کہ یہ بے حد اچھا ہے۔ راہول گاندھی لوک سبھا میں قائد اپوزیشن ہیں ان کا فرض بنتا ہے کہ وہ ہمارے احتجاج میں شامل ہوجائیں۔
انہوں نے جس طرح احتجاج کیا اس سے ہم سبھی خوش ہیں۔ ہم سبھی کا مطالبہ ہے کہ حکومت کو جواب دہ ٹھہرایا جائے۔ دھرمیندر پردھان کو جانا ہی ہوگا۔ ہمارے اس مطالبہ کی تائید جو بھی جس طریقہ سے کرے گا اس کا خیرمقدم ہے۔
20 جولائی کو احتجاجیوں کے خلاف پولیس کارروائی کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے سی جے پی رکن نے کہا کہ جمہوریت کی حالیہ تاریخ میں شاید پہلی مرتبہ پولیس نے ایسی بربریت کا مظاہرہ کیا۔ ان لوگوں نے راست سروں پر حملہ کیا۔ کئی مظاہرین کے پیر ٹوٹ گئے۔ پولیس نے پیلٹ گن تک کا استعمال کیا اور کئی احتجاجیوں کی بینائی چلی گئی۔