جوبلی ہلز کے بی آر ایس ایم ایل اے گوپی ناتھ چل بسے
گوپی ناتھ اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز 1985 سے 1992 کے دوران تلگو یوتھ کے صدر کی حیثیت سے کیا تھا۔ وہ 2014 میں اسمبلی میں داخل ہوئے جب انہوں نے جوبلی ہلز سے تلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) کے امیدوار کے طور پر مجلس پارٹی کے نوین یادو کو شکست دی۔

حیدرآباد: بی آر ایس کے سینئر رہنما اور جوبلی ہلز سے موجودہ رکن اسمبلی ماگنٹی گوپی ناتھ اتوار کی صبح چل بسے۔ ان کی عمر 62 برس تھی۔ پسماندگان میں اہلیہ، ایک بیٹا اور ایک بیٹی شامل ہیں۔
گوپی ناتھ کو 5 جون کو سینے میں شدید درد کی شکایت کے بعد گچی باولی کے اے آئی جی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ انہیں دل کا دورہ پڑا، اور اگرچہ ڈاکٹروں نے سی پی آر کے ذریعہ انہیں وقتی طور پر بحال کر لیا تھا اور انہیں انتہائی نگہداشت فراہم کی جا رہی تھی، وہ بے ہوشی کی حالت میں ہی رہے اور آج صبح 5 بج کر 45 منٹ پر وہ چل بسے۔
گوپی ناتھ اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز 1985 سے 1992 کے دوران تلگو یوتھ کے صدر کی حیثیت سے کیا تھا۔ وہ 2014 میں اسمبلی میں داخل ہوئے جب انہوں نے جوبلی ہلز سے تلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) کے امیدوار کے طور پر مجلس پارٹی کے نوین یادو کو شکست دی۔
بعد ازاں وہ بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) میں شامل ہو گئے اور 2018 اور 2023 کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس امیدواروں پی وشنو وردھن ریڈی اور محمد اظہر الدین کو شکست دے کر مسلسل تین بار کامیابی حاصل کی۔ پارٹی سرگرمیوں میں ان کا سرگرم کردار اور تنظیمی صلاحیت انہیں ایک متحرک اور بااثر لیڈر کے طور پر جانا جاتا تھا۔
ان کی موت پر کئی سرکردہ رہنماؤں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے، جن میں وزراء دامودرا راج نرسمہا، جوپلی کرشنا راؤ، پونم پربھاکر، ایم ایل سی کے کویتا اور دیگر شامل ہیں۔ انہوں نے گوپی ناتھ کے ارکان خاندان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کی سیاسی وابستگیوں کو یاد کیا ۔
دامودر راج نرسمہا نے کہا کہ گوپی ناتھ کی ناگہانی موت نے انہیں شدید صدمہ میں ڈال دیا ہے اور انہوں نے دل کی گہرائیوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیر جوپلی کرشنا راؤ نے کہا کہ گوپی ناتھ کی موت افسوسناک ہے اور انہوں نے پسماندگان کے لیے صبر و ہمت کی دعا کی۔
وزیر پونم پربھاکر نے گوپی ناتھ کی سیاست میں ابتدائی جدوجہد اور ان کی محنت کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی موت ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔بی آر ایس کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ کے چندرشیکھر راؤ (کے سی آر) نے بھی گوپی ناتھ کی موت پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک مخلص عوامی نمائندے تھے جنہوں نے پارٹی کے لئے ہمہ وقت کام کیا اور جوبلی ہلز کے عوام کی بھرپور خدمت کی۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں اور پارٹی کی کوششوں کے باوجود انہیں بچایا نہ جا سکا، جو کہ افسوسناک ہے۔ انہوں نے گوپی ناتھ کے ارکان خاندان، دوستوں اور حامیوں سے دلی تعزیت کی۔
بی آر ایس کے کارگذارصدر کے ٹی راما راؤ (کے ٹی آر) نے بھی گوپی ناتھ کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور انہیں تین مرتبہ کے ایم ایل اے اور بی آر ایس کے ضلع صدر کے طور پر یاد کیا۔ انہوں نے اس نقصان کو ناقابلِ تلافی قرار دیتے ہوئے پسماندگان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔