کے سی آر کے خاندان کا فرد ہی ریاست کا چیف منسٹر بنے گا:کے لکشمن
بی جے پی کے رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کے لکشمن اور رکن اسمبلی ایٹالہ راجندر نے ہفتہ کے روز اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس کے کارگزار صدر کے تارک راما راؤ، چیف منسٹر کے سی آر کے فرزند ہیں۔

حیدرآباد: بی جے پی قائدین نے آج کہا کہ جب تک تلنگانہ میں بی آر ایس برسر اقتدار رہے گی تب تک کے سی آرکے خاندان کا فرد ہی چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز رہے گا۔ دیگر طبقات کے قائدین کو چیف منسٹر ی کا عہد حاصل نہیں ہوگا۔
بی جے پی کے رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کے لکشمن اور رکن اسمبلی ایٹالہ راجندر نے ہفتہ کے روز اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس کے کارگزار صدر کے تارک راما راؤ، چیف منسٹر کے سی آر کے فرزند ہیں، دیگر ریاستوں میں پارٹی انچارج کا تعلق بھی کے سی آر کے افراد خاندان ہی ہیں۔
چیف منسٹر کے سی آر صرف اپنے خاندان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں دیگر طبقوں کو وہ نظر انداز کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علیحدہ تلنگانہ قائم ہونے کے بعد یہ امید تھی کہ پسماندہ اور کمزور طبقات کی زندگیوں میں تبدیلی آئے گی اس کے برخلاف کے چندر شیکھر راؤ کے افراد خاندان ریاست کے قیام کے بعد اہم عہدے حاصل کرتے ہوئے تمام تر فائیدے حاصل کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے او بی سی قائد نریندر مودی، کو وزیر اعظم کے عہدہ پر فائز کیا ہے۔ انہوں نے کانگریس پر پسماندہ طبقات کو دھوکہ دینے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے دلت کو چیف منسٹر بنانے کا وعدہ کرتے ہوئے دلتوں کو دھوکہ دیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ بی جے پی کی کامیابی کے بعد بی سی قائد کو ریاست کا چیف منسٹر بنایا جائے گا۔ بی جے پی حکومت ریاست سے بدعنوانی اور رشوت خوری کا خاتمہ کرے گی۔