کانگریس پر تلنگانہ تلی کی توہین کا الزام : کے ٹی آر
کے ٹی راما راؤ نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر تلنگانہ ریاستی سکریٹریٹ کے احاطہ میں تلنگانہ تلی مجسمہ کے لئے مختص مقام پر آنجہانی وزیراعظم راجیو گاندھی کا مجسمہ نصب کئے جانے پر کانگریس حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

حیدرآباد: بی آر ایس پارٹی کے کارگزار صدر کے ٹی راما راؤ نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر تلنگانہ ریاستی سکریٹریٹ کے احاطہ میں تلنگانہ تلی مجسمہ کے لئے مختص مقام پر آنجہانی وزیراعظم راجیو گاندھی کا مجسمہ نصب کئے جانے پر کانگریس حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
کے ٹی آر نے کانگریس پر الزام لگایا کہ وہ تلنگانہ کی شناخت اور تاریخ کو توہین کررہی ہے۔ انہوں نے اس عمل کو ریاستی عوام اور علحدہ ریاست کے لئے کی گئی عوامی جدو جہد کی توہین قرار دیا۔
تلنگانہ تلی مجسمہ کو جسے ریاست کے 4 کروڑ عوام کی امنگوں کی نشانی سمجھا جاتا ہے‘ بنیادی طور پر شہیدوں کی یادگار امرا جیوتی اور سکریٹریٹ کے احاطہ میں نصب کیا جانے والا تھا تاہم راما راؤ نے کہا کہ کانگریس نے جو خودغرضانہ سیاست کے لئے جانی جاتی ہے‘ سکریٹریٹ میں راجیو گاندھی کا مجسمہ نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کے ٹی آر نے مزید کہا کہ کانگریس نے راہول گاندھی کے والد کے مجسمہ کی تنصیب کے ذریعہ تلنگانہ عوام کی عزت نفس کی توہین کی ہے۔