حیدرآباد کے انضمام کی یاد میں بڑے پیمانے تقاریب، تمام انتظامات مکمل
سابق شاہی ریاست حیدرآباد کو متحدہ ہندوستان میں ضم کئے جانے کی یاد میں کل منگل کو منائی جانے والی تقاریب کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔
حیدرآباد: سابق شاہی ریاست حیدرآباد کو متحدہ ہندوستان میں ضم کئے جانے کی یاد میں کل منگل کو منائی جانے والی تقاریب کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔
مرکزی حکومت کی جانب سے 17 ستمبر کو سرکاری طور پر حیدرآباد کے یوم آزادی کے طور پر منایا جارہا ہے جبکہ ریاستی حکومت اسے تلنگانہ عوام کی حکمرانی کے دن کے طور پر منارہی ہے۔
واضح رہے کہ 17 ستمبر سن 1948 میں نظام کی حکمرانی والی ریاست حیدرآباد کو انڈین یونین میں ضم کیا گیا تھا۔ کوئلہ کے مرکزی وزیر کشن ریڈی‘ سکندرآباد کے پریڈ گراؤنڈس پر قومی پرچم لہرائیں گے جبکہ اس موقع پر تمام مرکزی دستے پریڈ کریں گے اور علاقہ کے ثقافت پر مبنی کلچرل پروگرام بھی منعقد ہوگا۔
مرکزی وزارت داخلہ اور ثقافتی وزارتوں کی جانب سے اس پروگرام کا اہتمام کیا جارہا ہے۔
ریاستی وزیراعلیٰ ریونت ریڈی‘ کل صبح حیدرآباد کے باغ عامہ میں منعقد ہونے والے سرکاری پروگرام ’پراجا پالانا دیوستھانم‘ میں قومی پرچم لہرائیں گے۔
اس موقع پر تمام سرکاری دفاتر اور مقامی اداروں میں بھی ترنگا لہرایا جائے گا۔ وزراء اور دیگر سرکردہ شخصیتیں‘ ریاست بھر میں ضلع ہیڈ کوارٹرس میں پرچم کشائی کریں گے۔ اسمبلی اسپیکر اور قانون ساز کونسل کے صدر نشین کے علاوہ ریاستی کابینی وزراء بھی مختلف مقامات پر پرچم لہرائیں گے۔