کرناٹک میں بی آر ایس کے ساتھ ملکر انتخابی مقابلہ کرنے کمارا سوامی کا اعلان
کمارا سوامی نے کہا کہ جے ڈی ایس ایم ایل اے چندرشیکھررراو کے ساتھ ملک بھر کا سفر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی اسکیمات اچھی ہیں وہ چاہتے ہیں کہ اسی طرح کی اسکیمیں پورے ملک میں نافذ کی جائیں۔

حیدرآباد: وزیراعلی تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے کہا ہے کہ کرناٹک میں آئندہ انتخابات میں بھارت راشٹرا سمیتی کا جھنڈا لہرایا جانا چاہیے۔ ٹی آر ایس کاجنرل باڈی اجلاس حیدرآباد میں اس کے ہیڈکوارٹرس تلنگانہ بھون میں منعقد ہوا جس میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی کا نام بدل کر بھارتیہ راشٹرا سمیتی کرنے کی قرارداد کو منظور کیا گیا۔
اس موقع پر پارٹی کا نام تبدیل کرنے کی وجوہات بتائی گئیں۔وزیراعلی نے اس موقع پر نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی کئی جماعتوں کے لیے سیاست ایک کھیل بن گئی ہے جبکہ ان کے لیے سیاست ایک کام کی طرح ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں کسانوں کی حالت بہت خراب ہے، کئی لوگوں نے ان سے پوچھا ہے کہ کیا ٹی آر ایس کو ریاست تک محدود رہنا چاہئے۔
انہوں نے مرکز کی مودی حکومت پر الزام لگایا کہ وہ تمام شعبوں میں ناکام ہوچکی ہے اور تلنگانہ ماڈل کو ملک میں نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ بی آر ایس ملک کے عوام کے لیے بنائی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسانوں کی فلاح و بہبود اس کا بنیادی ایجنڈہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ جلد ہی تمام لیڈروں سے ملاقات ہوگی۔ اگلے سال کرناٹک میں ہونے والے انتخابات کے پس منظر میں وہ کرناٹک میں اپنی پارٹی کا پرچم لہرانا چاہتے ہیں۔ اس موقع پر کمارسوامی نے کہا کہ وہ کرناٹک میں ہونے والے انتخابات میں بی آر ایس کے ساتھ مل کر انتخابات میں مقابلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جے ڈی ایس ایم ایل اے چندرشیکھررراو کے ساتھ ملک بھر کا سفر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی اسکیمات اچھی ہیں وہ چاہتے ہیں کہ اسی طرح کی اسکیمیں پورے ملک میں نافذ کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ چندرشیکھرراو ایک دوراندیش لیڈر ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ بی آر ایس کامیاب ہو۔