جرائم و حادثات
ایرانی بوٹ سے بھاری مقدار میں میتھامفیٹامائن اور ہیروئن ضبط
کارروائی میں پانچ پاکستانی شہریوں کو گرفتار کیا گیا ہے
نئی دہلی : گجرات کے انسدادِ دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس)، ہندوستانی کوسٹ گارڈ اور مرکزی خفیہ ایجنسیوں کی مشترکہ کارروائی میں ہندوستان کے خصوصی اقتصادی زون میں ایک ایرانی کشتی سے 526 کلو میتھامفیٹامائن اور ہیروئن ضبط کی گئی۔
مرکزی وزیرِ داخلہ امِت شاہ نے بدھ کے روز سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں یہ جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت نوجوانوں کو نشے کے خطرے سے بچانے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی لکشدیپ سے 160 سمندری میل شمال مغرب اور ممبئی سے 490 سمندری میل جنوب مغرب میں ہوئی۔ کارروائی میں پانچ پاکستانی شہریوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ معاملے میں آگے کی تفتیش جاری ہے۔
تفتیش کا مقصد اس نیٹ ورک اور اس کے سامان کو حاصل کرنے والوں کی شناخت کرنا ہے۔ تقریباً 16 دن جاری رہنے والی اس مہم میں ایرانی کشتی بھی ضبط کر لی گئی ہے۔