تلنگانہ

سرسیلا میں 345 کروڑ سے زائد کے ترقیاتی کام، وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کی شرکت

حیدرآباد واپس لوٹنے سے پہلے ایک بڑے جلسہ عام سے بھی خطاب کریں گے

حیدرآباد :   تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی بدھ کو سرسیلا میں 345.78 کروڑ روپے کے ترقیاتی کاموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔

وزیر اعلیٰ کے کریم نگر سے تقریباً پونے 5 بجے سرسیلا سرکاری جونیئر کالج کے ہیلی پیڈ پہنچنے کا پروگرام ہے۔ اس کے بعد وہ امبیڈکر چوراہے سے ایک پیدل مارچ میں شامل ہوں گے۔

مسٹر ریڈی اپنے دورے کے دوران کئی بڑے ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور مکمل ہو چکے کاموں کا افتتاح کریں گے۔ وہ سڑک کے راستے حیدرآباد واپس لوٹنے سے پہلے ایک بڑے جلسہ عام سے بھی خطاب کریں گے۔ اہم منصوبوں میں سرسیلا میں نیتنا بازار اور سرسیلا اور ویمول واڑہ میں ینگ انڈیا مربوط رہائشی اسکول شامل ہیں، جن پر 200 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔ سرسیلا اور کوناراؤپیٹ میں تلنگانہ سرکاری اسکولوں کی بھی بنیاد رکھی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ ویمول واڑہ شری راجا راجیشور سوامی مندر میں 99.40 کروڑ روپے کے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وہ سرسیلا اور ویمول واڑہ میں 2 آر ڈی او دفاتر، تنگلا پلی، ویرنا پلی، ویمول واڑہ دیہی اور رودرنگی میں 4 تحصیل دار دفاتر اور ویمول واڑہ میں ایک سب رجسٹرار دفتر کی تعمیر کے کام کا بھی آغاز کریں گے۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ ویمول واڑہ میں خواتین کے پولیس تھانے اور ویمول واڑہ اور سرسیلا میں ٹریفک پولیس تھانوں کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے۔