سائبر کرائم پولیس میں مجلس رکن اسمبلی نامپلی ماجد حسین کی شکایت درج
کلپ میں بتایا گیا کہ مسلم طبقہ کے ایک فرد نے ایک مٹھائی (گلاب جامن) پر پیشاب کردیا ہے جبکہ یہ مٹھائی ہوٹل کے گاہکوں میں تقسیم کی جانے والی تھی۔ یہ متن انتہائی جھوٹا اور غیر درست ہے۔
حیدرآباد: رکن اسمبلی نامپلی محمد ماجد حسین نے آج سائبرکرائم پولیس اسٹیشن‘ سی سی ایس ڈیس ایس حیدرآباد میں ایک شکایت درج کرائی جس میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ جمعہ کے روز 7.38 بجے شام ٹوئٹر اکاونٹ سرفنگ کررہے تھے کہ سوشیل میڈیا پلاٹ فام ایکس پر ان کی نظر ایک ویڈیو کلپ سے گزری، یہ کلپ ایکس پر تیزی کے ساتھ گردش کررہا تھا۔
اس کلپ کے متن میں مسلم برادری کے خلاف فحش کلامی اور غیر شائستہ الزامات عائد کئے گئے۔
کلپ میں بتایا گیا کہ مسلم طبقہ کے ایک فرد نے ایک مٹھائی (گلاب جامن) پر پیشاب کردیا ہے جبکہ یہ مٹھائی ہوٹل کے گاہکوں میں تقسیم کی جانے والی تھی۔ یہ متن انتہائی جھوٹا اور غیر درست ہے۔
دراصل دونوں طبقات اور مذاہب میں دشمنی پیدا کرنے اور امن و امان کو بگاڑنے کی دانستہ کوشش کے طورپر اصل ویڈیو اور اس کے متن میں تحریف کیا گیا۔
رکن اسمبلی کی شکایت پر سائبر کرائم پولیس نے بی این ایس کی مختلف دفعات کے تحت کیس 1764/2024 درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔