امریکہ و کینیڈا

وائٹ ہاؤس کے قریب فائرنگ کرنے والا شخص صدارتی محل کے سحر میں مبتلا تھا: ٹرمپ

صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ٹروتھ سوشل‘‘ پر جاری بیان میں کہا کہ وہ وائٹ ہاؤس کے قریب مسلح شخص کے خلاف فوری اور پیشہ ورانہ کارروائی پر سیکرٹ سروس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے شکر گزار ہیں۔

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وائٹ ہاؤس کے قریب فائرنگ کرنے والا شخص پرتشدد ماضی رکھتا تھا اور ایسا لگتا ہے کہ وہ صدارتی محل کے سحر میں مبتلا تھا۔

متعلقہ خبریں
تاریخی ڈیل مکمل، امریکہ اور ایران نے جنگ بندی معاہدے کی تصدیق کردی
جنوبی افریقہ کے قصبے میں فائرنگ سے 7 افراد ہلاک
وائٹ ہاؤس کورسپانڈنٹس ڈنر میں فائرنگ کرنے والا ملزم کول ایلن عدالت میں پیش
ٹرمپ انتظامیہ نے گرین کارڈ حاصل کرنے کا عمل مزید سخت کردیا
ایران نے امریکہ کے ساتھ مذاکرات سے انکار کیا تو اسے ‘بے مثال مسائل’ کا سامنا کرنا پڑے گا: ٹرمپ


صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ٹروتھ سوشل‘‘ پر جاری بیان میں کہا کہ وہ وائٹ ہاؤس کے قریب مسلح شخص کے خلاف فوری اور پیشہ ورانہ کارروائی پر سیکرٹ سروس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے شکر گزار ہیں۔


انہوں نے لکھا کہ حملہ آور کی پرتشدد تاریخ تھی اور بظاہر وہ ’’ہمارے ملک کی اس عزیز ترین عمارت‘‘ کے سحر میں مبتلا تھا۔


حکام کے مطابق ہفتے کی شام واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے قریب واقع ایک سکیورٹی چیک پوسٹ پر ایک شخص نے فائرنگ کی۔


رپورٹس کے مطابق سیکرٹ سروس اہلکاروں کی جوابی کارروائی میں حملہ آور شدید زخمی ہوا اور بعد ازاں دم توڑ گیا، جبکہ واقعے میں ایک راہگیر کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔


سیکرٹ سروس کے ترجمان انٹنی گولیلمی نے اپنے بیان میں کہا کہ صدر ٹرمپ اس واقعے میں مکمل طور پر محفوظ رہے۔


امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مشتبہ شخص کی شناخت ریاست میری لینڈ سے تعلق رکھنے والے 21 سالہ ناصر بست کے نام سے ہوئی ہے۔


ذرائع کے مطابق ناصر بست ذہنی مسائل کا شکار تھا اور ماضی میں بھی اس کا سیکرٹ سروس کے ساتھ سامنا ہو چکا تھا۔


واقعے کے وقت صدر ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں موجود تھے، جہاں وہ ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے سے متعلق مذاکرات پر کام کر رہے تھے۔


واضح رہے کہ 79 سالہ صدر ٹرمپ گزشتہ دو برس کے دوران قاتلانہ حملے کی تین مبینہ کوششوں کا سامنا کر چکے ہیں۔


ان میں آخری واقعہ 25 اپریل کو واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے نامہ نگاروں کی ایک تقریب کے دوران پیش آیا تھا۔


اس سے قبل جولائی 2024 میں پنسلوانیا کے شہر بٹلر میں ایک انتخابی ریلی کے دوران مسلح حملے میں صدر ٹرمپ زخمی ہوئے تھے جبکہ ایک شخص ہلاک ہو گیا تھا۔


بعد ازاں ویسٹ پام بیچ کے ایک گالف کورس سے بھی ایک مسلح شخص کو گرفتار کیا گیا تھا جہاں صدر ٹرمپ گالف کھیل رہے تھے۔