مودی، ملک کا نیا ڈکٹیٹر: ریونت ریڈی
ریونت ریڈی نے کہا کہ مودی اپنے دوستوں کے خاطر ملک کو تباہ و برباد کررہے ہیں۔7 فروری کو پارلیمنٹ میں اڈانی مسئلہ پر بات کی گئی۔ جس کے بعد مودی کے ہوش اڑ گئے۔ وہ جواب دینے کے موقف میں نہیں ہیں۔

حیدرآباد: صدر ٹی پی سی سی اے ریونت ریڈی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ملک کا نیا ڈکٹیٹر اور جمہوریت کا قاتل قرار دیا۔ راہول گاندھی کو پارلیمنٹ سے نااہل قرار دئیے جانے کے خلاف آج گاندھی بھون میں گاندھی مجسمہ کے روبرو منعقدہ جمہوریت بچاؤ احتجاج میں شرکت کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بات کہی۔
انہوں نے کہا کہ مودی اپنے دوستوں کے خاطر ملک کو تباہ و برباد کررہے ہیں۔7 فروری کو پارلیمنٹ میں اڈانی مسئلہ پر بات کی گئی۔ جس کے بعد مودی کے ہوش اڑ گئے۔ وہ جواب دینے کے موقف میں نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس ڈبل انجن سرکار کی بی جے پی بات کرتی ہے وہ اڈانی اور پردھانی ہے۔
وزیر اعظم، راہول گاندھی کا سامنا کرنے کے موقف میں نہیں ہیں۔ راہول گاندھی کے چبھتے سوالات سے بچنے کے لئے انہیں نااہل قرار دیا گیا۔ صدر ٹی پی سی سی نے کہا کہ کانگریس کسی بھی صورت میں خوفزدہ نہیں ہوگی۔ ہم نے اپنی جانوں کو داؤ پر لگا کر جمہوریت کا تحفظ کیا تھا، کررہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔
انہوں نے جس انداز میں راہول گاندھی کو نااہل قرار دیا گیا کو غیر جمہوری اور پاگل پن قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج شام میں آئندہ کے مستقبل کے لائحہ عمل کو قطعیت دی جائے گی۔