کھیل
ٹرینڈنگ

محمد سراج کی تباہ کن باؤلنگ،ہندوستان نے آٹھویں مرتبہ ایشیاء کپ جیت لیا

ایشان کشن 18 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 23 جبکہ شھبمن گل 19 گیندوں میں 6 چوکوں کی مدد سے 27 رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ ہندوستانی ٹیم نے پانچ سال بعد دوبارہ ایشیاء کپ جیتا جبکہ تاریخ میں یہ اس کا 8 واں ایشیاء خطاب ہے۔

کولمبو: محمد سراج کی تباہ کن بولنگ کی مدد سے ہندوستان نے ایشیاء کپ 2023 جیت لیا۔ کولمبو میں کھیلے گئے فائنل میں سری لنکا کے خلاف جیت کیلئے ہندوستانی ٹیم کو محض 51 رنوں کی ضرورت تھی جو اس نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے بنالئے۔

متعلقہ خبریں
تمیم اقبال بنگلہ دیش ون ڈے ٹیم کی کپتانی سے دستبردار
ایشیا کپ : ہندوستان اور پاکستان میں پوائنٹس تقسیم
کرکٹ کا 122 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا
سال 2022 میں 65 ہزار ہندوستانیوں کو امریکی شہریت
ہندوستان کو اسرائیل اور ایران کے درمیان بڑھتی دشمنی پر سخت تشویش

چھوٹے نشانہ کا پیچھا کرنے والی ہندوستانی ٹیم نے اوپننگ جوڑی میں تبدیلی کی۔ شبھمن گل کے ہمراہ کپتان روہت شرما کی جگہ ایشان کشن سے اوپننگ کرائی گئی۔ دونوں نوجوان بلے بازوں نے شاندار بیاٹنگ کرتے ہوئے بغیر کوئی وکٹ گنوائے ٹیم کو جیت دلادی۔

 ایشان کشن 18 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 23 جبکہ شھبمن گل 19 گیندوں میں 6 چوکوں کی مدد سے 27 رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ ہندوستانی ٹیم نے پانچ سال بعد دوبارہ ایشیاء کپ جیتا جبکہ تاریخ میں یہ اس کا 8 واں ایشیاء خطاب ہے۔

 قبل ازیں حیدرآبادی فاسٹ بولر محمد سراج کے طوفان کے سامنے سری لنکا کی پوری ٹیم محض 50 رنز پر سمٹ گئی۔ سری لنکا کے کپتان شاناکا کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ اس وقت غلط ثابت ہوا جب بمراہ نے پریرا کو پہلے ہی اوور میں صفر پر آؤٹ کرکے ہندوستان کو پہلی کامیابی دلائی۔

 اس کے بعد تیسرے اوور میں سراج نے سری لنکا پر تباہی مچادی۔ سراج نے اپنے اسپیل کے دوسرے اور میاچ کے چوتھے اوور میں 4 وکٹیں حاصل کرکے سری لنکا کو ایسا جھٹکا دیاکہ وہ پوری اننگز کے دوران سنبھل ہی نہیں پائی۔

 سراج نے اس میں پاتھوم نشانکا 2، سدیرا سمراوکرما صفر، چرتھ اسالنکا صفر اور دھننجے ڈی سلوا کی وکٹیں حاصل کی۔ سراج نے 7 اوورز میں 21 رنز دیکر 6 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ سراج نے منڈس اور کپتان شاناکا کو کلین بولڈ کرکے پویلین بھیج دیا۔

سری لنکا کے 5 بلے باز کھاتہ بھی نہ کھول سکے جبکہ اس کے صرف 2 بلے باز دوہرے ہندسے کو عبور کرنے میں کامیاب رہے جن میں کوشال منڈس (17 رن) اور ہیمنتھا (13 رن) شامل ہیں۔ سری لنکا کی جانب سے کوسل منڈس نے سب سے زیادہ 17 رنز بنائے۔

 سراج کے علاوہ ہاردک نے 3 جبکہ بمراہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اس شاندار اور ریکارڈ ساز بولنگ پر محمد سراج کو میان آف دی میاچ قرار دیا گیا۔ واضح رہے کہ یہ ونڈے میں ہندوستان کی سب سے بڑی جیت ہے جب گیندیں باقی ہیں۔ ٹیم انڈیا نے 263 گیندیں پہلے جیت حاصل کی۔

 اس سے قبل ٹیم انڈیا نے 2001 میں کینیا کو 231 گیندوں پہلے شکست دی تھی۔ 50 اوورز کے ونڈے میں تیز ترین جیت کا ریکارڈ سری لنکا کے پاس ہے۔ سری لنکا کی ٹیم نے 2001 میں زمبابوے کو 274 گیندوں پہلے شکست دی تھی۔ تاہم مجموعی ریکارڈ انگلینڈ کے نام ہے۔ 1979 میں انگلش ٹیم نے کینیڈا کو 60 اوورز کے میچ میں 277 گیندیں باقی رہتے شکست دی تھی۔

a3w
a3w