شمالی بھارت

نوئیڈا اور گروگرام جل تھل، سڑکیں زیرآب، اسکولوں کو تعطیل، گھر سے کام کرنے کی ہدایت

انڈیا میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ (آئی ایم ڈی) نے زرد الرٹ جاری کیا ہے جس میں لوگوں کو شہر میں بیشتر مقامات پر ہلکی بارش کے بارے میں خبردار کیا گیا ہے۔

نئی دہلی: اترپردیش اور گروگرام کے کچھ حصوں میں اسکولس بند کردیئے گئے ہیں جبکہ پرائیویٹ اور کارپوریٹ دفاتر کو جمعرات سے مسلسل بارش کے بعد گھر سے کام کرنے کو کہا گیا ہے۔ دوسری طرف دہلی کے کچھ حصے سیلاب کی زد میں ہیں۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے رپورٹ کیا ہے کہ آسمانی بجلی گرنے اور دیوار گرنے کے واقعات میں کم از کم 13 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہو گئے ہیں کیونکہ اتر پردیش کے کچھ حصوں میں شدید بارش سے فیروز آباد میں معمول کی زندگی متاثر ہوئی ہے اور حکام علی گڑھ میں بھی اسکولوں کو بند کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

دہلی میں جمعرات کی شام 5.30 بجے سے جمعہ کی صبح 8.30 بجے کے درمیان 40.8 ملی میٹر بارش ہوئی کیونکہ ہلکی سے درمیانی بارش نے دہلی کو آج مسلسل تیسرے دن متاثر رکھا جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں سڑکوں پر پانی بھر گیا اور شہر بھر کی اہم سڑکوں پر ٹریفک کی نقل و حرکت متاثر ہوئی۔

محکمہ موسمیات نے جمعہ کو قومی راجدھانی میں مزید بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ شہر میں کم سے کم درجہ حرارت معمول سے ایک ڈگری زیادہ یعنی 22 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت تقریباً 28 ڈگری سیلسیس رہنے کی توقع ہے۔

انڈیا میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ (آئی ایم ڈی) نے زرد الرٹ جاری کیا ہے جس میں لوگوں کو شہر میں بیشتر مقامات پر ہلکی بارش کے بارے میں خبردار کیا گیا ہے۔

گوتم بدھ نگر کے نوئیڈا اور گریٹر نوئیڈا میں آٹھویں جماعت تک کے تمام سرکاری اور خانگی اسکول آج بارش کی وجہ سے بند ہیں، جمعرات کو ایک سرکاری حکم میں اس بات کا اعلان کیا گیا۔ یہ حکم محکمہ موسمیات کی جانب سے شدید بارش کی وارننگ کے بعد جاری کیا گیا۔

گروگرام انتظامیہ نے خانگی اور کارپوریٹ دفاتر کو آج گھر سے کام کرنے کا مشورہ دیا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ سڑکوں اور نالوں کی مرمت کا کام شہری ایجنسیوں کے ذریعے آسانی سے انجام دیا جائے۔ ملینیم سٹی میں کئی بڑے کارپوریٹ دفاتر موجود ہیں جہاں دن بھر کی بارش سے اہم سڑکوں اور ایکسپریس وے پر پانی بھرگیا اور نتیجہ میں ٹریفک شدید متاثر رہی۔

حکام نے وسیع تر عوامی مفاد میں جمعہ کو تمام اسکول اور کالج بند رکھنے کا مشورہ بھی دیا۔

ضلع انتظامیہ کے مطابق جمعرات کو گروگرام میں 54 ملی میٹر بارش ہوئی، وزیر آباد میں سب سے زیادہ 60 ملی میٹر بارش ہوئی۔ مانیسر میں 50 ملی میٹر، سوہنا میں 43 ملی میٹر، ہرسار میں 54 ملی میٹر، بادشاہ پور میں 30 ملی میٹر، پٹودی میں 20 ملی میٹر اور فرخ نگر میں شام 5 بجے تک 29 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

نیشنل کیپیٹل ریجن (ای سی آر) سے مانسون کی واپسی سے عین قبل بارش کے باعث امساک باراں کے اثرات کو گھٹانے میں مدد ملے گی۔ یہ ہوا کو صاف اور درجہ حرارت کو متوازن رکھنے میں بھی مددگار ہوگی۔