حیدرآباد

حیدرآباد: آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ، شعبہ خواتین کا تفہیم شریعت پر ایک روزہ ورکشاپ

ڈاکٹر قدوسہ سلطانہ صاحبہ  نےخواتین و طالبات سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ شریعت  کی بنیاد وحدانیت ہے، اسی پر تمام  اسلامی قوانین  کی عمارت تعمیر ہوتی ہے۔

حیدرآباد: شعبہ خواتین، آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی جانب سے سال 2022۔2023 میں تمام ملک ہندستان میں شریعت بیداری مہم چلائی جارہی ہے۔

متعلقہ خبریں
وسطی افریقہ کے ایک سرسبزو شاداب ملک زامبیا میں چند دن
ہند۔ امریکہ۔ سعودی۔ امارات، ریلوے معاملت کا اعلان متوقع
مین اسٹریم میڈیا کے لیے افرادسازی وقت کی اہم ضرورت : مولانا خالد سیف اللہ رحمانی
مدارس اور خانقاہوں کے ذریعہ بورڈ کے پیغام کو عام لوگوں تک پہنچایا جائے گا: مولانا خالد سیف اللہ رحمانی

اس سسلسلہ میں 29 اکٹوبر  2023، بروز اتوار صبح 9 بجے  تا دوپہر 3 بجے، بمقام مدرسہ معھد الصالحات،  بازار گارڈ، حیدرآباد میں حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب، صدر پرسنل لاء بورڈ کی سرپرستی میں تفہیم شریعت پر ایک روزہ ورکشاپ منعقد کیا گیا۔ 

اس کا آغاز قراءت کلام پاک سے ہوا۔ ڈاکٹر قدوسہ سلطانہ صاحبہ  نےخواتین و طالبات سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ شریعت  کی بنیاد وحدانیت ہے، اسی پر تمام  اسلامی قوانین  کی عمارت تعمیر ہوتی ہے۔

تمام زندگی کے  لئے قرآن و حدیث  ہی  مشعل راہ ہے۔شریعت کی مختلف شاخوں کا ذکر کرتے ہوئے محترمہ نے کہا کہ حکو مت   کسی  نہ کسی طرح ان میں مداخلت سے دلچسپی رکھتی ہے اور یہ مداخلت سماج میں انتشار و بے چینی کا ذریعہ بن سکتی ہے۔

ڈاکٹر رفعت سیماء صاحبہ، فاؤنڈر چیرمن،جامعہ  مکارم الاخلاق،حیدرآباد نے  شریعت کے متعلق پیدا کی گئی غلط فہمیوں کا ازالہ  کرنے کی کوشش کی۔محترمہ نے کہا کہ طلاق کی شرح کو کم کرنے کے لئے، تحکیم بہتر ہے لیکن ضروری نہیں ہے۔ تحکیم کے بغیر بھی طلاق  صحیح ہوگی، جبکہ  نئے قانون  کے تحت آسام  ہائی کورٹ نے  تحکیم کو ضروری قرار دیا ہے۔

ڈاکٹر جوہر جہاں صاحبہ، سکریٹری تنظیم نسواں، کل ہند مجلس  تعمیر ملت نے   تعدد ازدواج   پر  حکومت کی جانب سے پابندی عائد کرنے کی کوششوں کے مضمرات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اگر ایسا  ہو تو ہندستانی سماج    میں بھی مغربی سماج کی طرح ناجائز  بچوں اور سنگل مادرس  کی بہتات ہوجائے گی۔

مولانا محمد اسد ندوی صاحب نے    نکاح کے سلسلہ میں اسلامی تعلیمات  پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دین اسلام میں نکاح آسان کیا گیا ہے، لیکن ایسے قوانین بنائے جارہے ہیں کہ  سماج میںنکاح مشکل اور  زنا آسان ہوگیا ہے۔

محترمہ حفصہ عابدین  صاحبہ، ڈائریکٹر عابدین ٹرسٹ نے عورتوں کے حق میراث پر گفتگو کرتے  ہوئے کہا کہ اسلام ہی وہ واحد  دین ہے جو عورتوں  کو میراث میں حق دیتا ہے۔

محترمہ جلیسہ سلطانہ ایڈوکیٹ، کنوینر شعبہ خواتین، آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ  نے  کہا کہ دنیا کے تمام مذاہب والوں نے اپنے مذہبی   تعلیمات سے دوری اختیار کی ہے اور وہ یہ چاہتے ہیں کہ مسلمان بھی  شریعت اسلامی سے دست بردار ہوجائیں، جو قیامت تک ناممکن ہے۔

یہ پروگرام حضرت مولانا احمد عبید الرحمٰن اطہر صاحب ، ناظم مدرسہ معھد الصالحات کی  زیر نگرانی رکھا گیا۔اس ورکشاپ میں خواتین و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

a3w
a3w