مسلمان قطر ورلڈ کپ سے دوررہیں: القاعدہ
القاعدہ کی یمن شاخ نے قطر پر تنقید کی کہ اس نے کھیلوں کے مقابلہ کے ذریعہ بداخلاق‘ ہم جنس پرست‘ کرپشن کے بیج بونے والوں اور لامذہبوں کا عرب دنیا میں اجتماع کرادیا ہے۔
قاہرہ: القاعدہ کی علاقائی شاخ نے دنیابھر کے مسلمانوں سے کہا ہے کہ وہ قطر میں فٹبال ورلڈکپ سے دور رہیں۔ حالانکہ اس نے حملوں یا تشدد کو بڑھاوادینے کی دھمکی نہیں دی۔ ایک نگراں گروپ کے بیان میں یہ بات بتائی گئی۔
القاعدہ کی یمن شاخ نے قطر پر تنقید کی کہ اس نے کھیلوں کے مقابلہ کے ذریعہ بداخلاق‘ ہم جنس پرست‘ کرپشن کے بیج بونے والوں اور لامذہبوں کا عرب دنیا میں اجتماع کرادیا ہے۔ اس نے کہا کہ یہ ایونٹ مسلم ممالک اور ان پر ظلم ڈھانے والوں کے تسلط سے توجہ ہٹانے کیلئے ہورہا ہے۔
سائٹ انٹلیجنس گروپ کی رپورٹ میں ہفتہ کے دن کہاگیاکہ ہم اس ایونٹ کو فالو کرنے والے یا اس میں حصہ لینے والے اپنے مسلم بھائیوں کو خبردارکرتے ہیں۔ مسلم اکثریتی ملک قطر میں پہلی مرتبہ یہ ٹورنامنٹ ہورہا ہے جس کا آغاز اتوار کے دن عمل میں آیا۔
ورلڈ کپ کے منتظمین نے قطر کے انسانی حقوق ریکارڈ پرتنقید کے جواب میں کہا ہے کہ ہرکوئی چاہے اس کا پس منظرجو بھی ہو اس ایونٹ میں شرکت کرسکتا ہے۔ قطر 30لاکھ کی آبادی والا چھوٹا ملک ہے۔
اس کی آبادی میں زیادہ تر غیرملکی ورکرس ہیں۔ اس نے کہا ہے کہ اس نے ورلڈ کپ کو سیکیوریٹی فراہم کرنے کیلئے 50ہزار افراد کو تربیت دی ہے۔ بیرونی طاقتیں بھی قطری کمانڈ میں ہاتھ بٹارہی ہیں۔