تلنگانہ: شوہر کو بیوی نے عاشق کے ساتھ مل کر قتل کر دیا
پولیس کے مطابق سریش بابو، وینکٹم پلی گاؤں سے تعلق رکھتا تھا اور اننت پور کے نواحی علاقہ ساداشیوا کالونی میں اپنی بیوی انیتا اور بچوں کے ساتھ مقیم تھا۔ وہ ایک فاسٹ فوڈ سنٹر چلا کر اپنا گزر بسر کرتا تھا جبکہ اس کی بیوی ایک ہوٹل میں مزدوری کرتی تھی۔

حیدرآباد: شوہر کو اس کی بیوی نے اپنے عاشق کے ساتھ مل کر قتل کر دیا۔ آندھرا پردیش کے ضلع اننت پور میں کمارا نرساپورم کے رہنے والے 43 سالہ سریش بابو کو اس کی بیوی انیتا اور اس کے عاشق باباولی نے بے دردی سے قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق سریش بابو، وینکٹم پلی گاؤں سے تعلق رکھتا تھا اور اننت پور کے نواحی علاقہ ساداشیوا کالونی میں اپنی بیوی انیتا اور بچوں کے ساتھ مقیم تھا۔ وہ ایک فاسٹ فوڈ سنٹر چلا کر اپنا گزر بسر کرتا تھا جبکہ اس کی بیوی ایک ہوٹل میں مزدوری کرتی تھی۔
اسی دوران انیتا کی دوستی ان کے ہی کالونی میں رہنے والے گوری ڈِنڈلا گاؤں سے تعلق رکھنے والے باباو لی سے ہو گئی۔ سریش بابو کو جب انیتا اور باباولی کی قربت کا علم ہوا تو وہ بیوی کو بار بار فون پر بات کرنے سے روکتا تھا اور نشہ کی حالت میں اس پر تشدد بھی کرتا تھا۔
انیتا نے شوہر کی اذیت سے تنگ آ کر باباولی کے ساتھ مل کر اسے قتل کرنے کی سازش رچائی۔ دس دن پہلے جب باباولی مارٹھاڈو کسی کام سے گیا تھا، انیتا نے اسے فون کر کے کہا کہ جب سریش بابو اکیلا اور نشہ کی حالت میں گھر لوٹے تو اسے راستے میں مار دیا جائے۔
منگل کے روز، جب سریش بابو اَکّمپلی کے راستے موٹر سائیکل پر جا رہا تھاتو باباولی نے اس پر حملہ کر دیا۔ اس نے پہلے بیئر کی بوتل سے وار کیا جس سے سریش بابو نیچے گر گیا۔ پھر باباو لی نے اسکرو ڈرایور سے اس کے سینے، گردن اور پیٹ پر وار کیے اور آخر میں ایک بڑی چٹان سے اس کا سر کچل کر موقع پر ہی ہلاک کر دیا۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔