کرناٹک میں فون چارجنگ کیلئے برقی نہیں، ہریش راؤ کا الزام
بی آرایس کے انتخابی جلسہ کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ حصول اقتدار کیلئے کانگریس سطحی سیاست کررہی ہے۔ ہر روز ایک نئے جھوٹ کا سہارا لے رہی ہے۔
حیدرآباد: ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس پارٹی کا ایک نکاتی ایجنڈہ اقتدار حاصل کرنا ہے۔ ملک کی اس قدیم ترین جماعت عوام کی خدمت کرنے میں یقین نہیں رکھتی۔
آج سنگاریڈی میں 23نومبر کو منعقدہ شدنی بی آرایس کے انتخابی جلسہ کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حصول اقتدار کیلئے کانگریس سطحی سیاست کررہی ہے۔ ہر روز ایک نئے جھوٹ کا سہارا لے رہی ہے۔
ان کا مقصد عوام کی خدمت کرنا نہیں بلکہ ہر صورت اقتدار حاصل کرنا ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کرناٹک کے عوام کو اب احساس ہورہا ہے کہ انہوں نے کانگریس کو اقتدار پر لاکر غلطی کی ہے۔ کانگریس نے انتخابات کے دوران عوام سے کئے گئے ایک بھی وعدے کو پورانہیں کیا ہے۔
پڑوسی ریاست کی صورتحال اس قدر قابل رحم ہے کہ سل فون چارجنگ کیلئے بھی ان کے پاس برقی نہیں ہے۔ وہاں کے عوام کو بروقت پنشن نہیں دیا جارہا ہے۔ انہوں نے عوام سے جاننا چاہا کہ کرناٹک میں ناکام ثابت کانگریس کیا تلنگانہ میں کچھ کرپائے گی۔
ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس، تلنگانہ میں کامیابی کے مقصد سے من مانی انداز میں وعدے کرتی جارہی ہے۔ کانگریس تلنگانہ میں زراعت کیلئے3گھنٹہ برقی سربراہی کو کافی قرار دے رہی ہے جبکہ بی آر ایس حکومت 24گھنٹے تسلسل کے ساتھ برقی سربراہ کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس کی دھوکہ بازی کا کرناٹک میں بخوبی مشاہدہ کیا جاسکتا ہے۔ میری آپ لوگوں سے خواہش کی ہے کہ ان تمام صورتحال کو دیکھتے ہوئے آزمائی ہوئی جماعت بی آ رایس جس نے گزشتہ دس سالوں میں تلنگانہ کی شبیہ بدل کر رکھ دی ہے، عوام کی زندگیوں میں زبردست تبدیلی لانے میں کامیاب رہی ہے، کو ہی منتخب کریں۔