اپو زیشن‘ کے سی آر کے سیاسی لائحہ عمل سے پریشان: ہریش راؤ
وزیر فینانس نے کہا کہ کے سی آر ٹھیکہ داروں کو وظیفہ منظور کرنے کا میدک سے اعلان کریں گے۔ اِسی طرح معذورین کو وظیفہ کی رقم 4016 روپے کرنے کا بھی اعلان کریں گے۔

حیدر آباد: وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے سیاسی تجربہ کے آگے تمام اپوزیشن جماعتیں صفر نظر آرہی ہے۔
میدک میں چیف منسٹر کے دورہ کے لئے جاری انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میدک میں چیف منسٹر ترقیاتی سرگرمیوں کا آغاز کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کے لئے بی آر ایس اُمیدواروں کے ناموں کے اعلان کے بعد چیف منسٹر کا پہلا جلسہ ہے۔ اپوزیشن جماعتیں کے سی آر کے سیاسی لائحہ عمل سے پریشان ہیں۔
ہریش راؤ نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ضلع کی ترقی کے نقیب کے سی آر کو تمام دس حلقوں پر بی آر ایس اُمیدواروں کو کامیاب بناتے ہوئے تحفہ دیں۔ ہریش راؤ نے مزید کہا کہ ملک بھر میں 16 ریاستوں میں بیڑی ورکرس ہیں، مگر صرف تلنگانہ ایسی واحد ریاست ہے جہاں بیڑی ورکرس کی فلاح و بہبودگی کے لئے اقدامات کئے گئے۔
وزیر فینانس نے کہا کہ کے سی آر ٹھیکہ داروں کو وظیفہ منظور کرنے کا میدک سے اعلان کریں گے۔ اِسی طرح معذورین کو وظیفہ کی رقم 4016 روپے کرنے کا بھی اعلان کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں ایسا کبھی نہیں ہوا جب ایک ہی مرحلہ میں کسی پارٹی کی جانب سے 98 فیصد اُمیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس کے پاس لیڈرس اور بی جے پی کے پاس کیڈر نہیں ہے جب کہ بی آر ایس کے پاس لیڈرس بھی ہے اور کیڈر بھی ہے۔
اِسی لئے سماج کے تمام طبقات امیر، غریب، نوجوان اور ضعیف، مرد و خواتین تمام بی آر ایس کی تائید کررہے ہیں۔ انہوں نے ریاست میں فلاح و بہبود اور ترقی کے لئے بی آر ایس کی تائید کرنے کی اپیل کی۔