سوشیل میڈیا

کانگریس اور بھارت جوڑو یاترا کے ٹویٹر ہینڈل بلاک کرنے کا حکم

پارٹی نے کہا کہ عدالت کی کارروائی یکطرفہ لگتی ہے، مقدمہ کی کارروائی میں ہمارا موقف نہیں سنا گیا اور نہ ہی ہمیں احکام بھیجے گئے ہیں۔ اس سلسلہ میں قانونی چارہ جوئی و اقدامات پر غور کیا جارہا ہے۔

بنگلورو: بنگلورو کی ایک عدالت نے کانگریس کے ٹویٹر ہینڈل کو عارضی طور پر مسدود (بلاک) کرنے کا حکم دیا ہے جبکہ ایک میوزک کمپنی نے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی کی قیادت میں بھارت جوڑو یاترا میں فلم کے جی ایف 2 کا گانا چلانے پر پارٹی کے خلاف کاپی رائٹ کا مقدمہ دائر کیا ہے۔

ایم نوین کمار، جو ایم آر ٹی میوزک کمپنی کا انتظام چلاتے ہیں، نے راہول گاندھی سمیت تین کانگریس لیڈروں کے خلاف مبینہ طور پر سوپر ہٹ کنڑ فلم  کے جی ایف 2 کا میوزک استعمال کرنے کے الزام میں شکایت درج کروائی۔ انہوں نے ، جس نے کاپی رائٹ قوانین کی خلاف ورزی پر  یہ شکایت درج کرائی تھی۔

بھارت جوڑو یاترا تلنگانہ میں داخل ہونے سے پہلے کرناٹک میں جاری تھی جس کے دوران مبینہ طور پر کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کا معاملہ سامنے آیا۔

عدالت نے بھارت جوڑو یاترا مہم کے ٹویٹر ہینڈل کو بھی عارضی طور پر بلاک کرنے کا حکم دیا۔

اسی دوران ٹویٹر ہینڈلس کی مسدودی کے بارے میں کانگریس نے خود اپنے ٹویٹر ہینڈل پر کہا ہے کہ اسے سوشیل میڈیا کے ذریعہ اس بات کی اطلاع ملی ہے۔

پارٹی نے کہا کہ عدالت کی کارروائی یکطرفہ لگتی ہے، مقدمہ کی کارروائی میں ہمارا موقف نہیں سنا گیا اور نہ ہی ہمیں احکام بھیجے گئے ہیں۔ اس سلسلہ میں قانونی چارہ جوئی و اقدامات پر غور کیا جارہا ہے۔

قبل ازیں میوزک کمپنی کے منیجر نے الزام لگایا تھا کہ بھارت جوڈو یاترا مہم کی ویڈیوز میں کے جی ایف 2 کے گانے بلااجازت استعمال کئے گئے ہیں جو کاپی رائٹ ایکٹ کی صریح خلاف ورزی ہے۔

بنگلورو کے یشونت پور میں پولیس میں درج کرائی گئی ایف آئی آر میں میوزک کمپنی نے کہا ہے کہ کانگریس لیڈر جئے رام رمیش نے یاترا کے دو ویڈیوز ٹویٹ کئے جن میں بغیر اجازت کے فلم جی ایف 2 کے مقبول گانوں کا استعمال کیا گیا۔

بھارت جوڑو یاترا اب تک چھ ریاستوں کا احاطہ کر چکی ہے جن میں کیرالہ، تمل ناڈو، کرناٹک، آندھرا پردیش، تلنگانہ اور مہاراشٹر شامل ہیں۔