اترکھنڈ میں زیرتعمیر سرنگ کا ایک حصہ منہدم، 36ورکرس پھنس گئے
یامونوتری قومی شاہراہ پر زیرتعمیر ایک سرنگ کا حصہ آج صبح منہدم ہوگیا۔ سرکاری عہدیداروں نے یہ بات بتائی ہے۔

اترکاشی(اترکھنڈ): یامونوتری قومی شاہراہ پر زیرتعمیر ایک سرنگ کا حصہ آج صبح منہدم ہوگیا۔ سرکاری عہدیداروں نے یہ بات بتائی ہے۔
عہدیداروں نے بتایاکہ برہماکھل۔یامونوتری سرنگ کا حصہ منہدم ہوگیا جس کی وجہ 36 ورکرس پھنس گئے ہیں۔ پولیس‘ نیشنل ڈیزاسٹرریسپانس فورس اور اسٹیٹ ڈیزاسسٹر ریسپانس فورس کے ملازمین راحت رسانی کا کام کررہے ہیں۔
یہ بات اترکاشی کے سپرنٹنڈنٹ پولیس(ایس پی) اربن یادووانشی نے بتائی۔ انہوں نے بتایاکہ یہ واقعہ صبح6 تا7بجے کے درمیان پیش آیا۔ عہدیداروں کے پاس دستیاب ریکارڈس کے مطابق36 لیبرس پھنس گئے ہیں۔
ابتدائی رپورٹ میں بتایاگیا تھا کہ 40 ورکرس پھنسے ہوئے ہیں۔ ایس پی نے کہا کہ منہدم ہوا حصہ سرنگ کے انٹرنس سے تقریباً200 میٹرس پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پھنسے ہوئے افراد کو سانس لینے میں مشکل نہ ہونے کیلئے ایک آکسیجن پائپ داخل کیاگیا ہے۔
ایس پی نے مزید بتایاہے کہ راحت رسانی اور امدادی کاموں کے لئے بارڈر روڈس آرگنائزیشن اور آئی ٹی بی پی کی ٹیموں کو سرگرم کردیاگیا ہے جوکہ کمانڈنگ آفیسر نمان نرولا اور اسسٹنٹ کمانڈنٹ جادھو ویبھو کی زیرقیادت خدمات انجام دے رہے ہیں۔
اترکاشی ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ابھیشک روہیلا‘ چیف جنرل مینجر نیشنل ہائی ویزاتھاریٹیز آف انڈیا وشال گپتا اور این ڈی آرایف سکنڈ ان کمانڈ روی شنکر بدھانی بھی مقام پر پہنچ گئے ہیں تاکہ راحت رسانی اور تلاشی کے کام کیلئے ہدایت دی جاسکے۔
چیف منسٹر پشکرسنگھ دھامی نے اترکاشی ڈی ایم روہیلا سے بات چیت کرکے تازہ ترین صورتحال سے واقفیت حاصل کی اور انہیں ہدایت دی ہے کہ بچاؤ اور راحت کاری اقدامات میں تیزی پیدا کردی جائے۔
دھامی نے فیس بک پوسٹ پر بتایاہے کہ وہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے عہدیداروں سے مسلسل ربط پیدا کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پھنسے ہوئے افراد کی زندگی بچانا ہماری اولین ترجیح ہے۔