آندھراپردیش

وائی ایس آر سی پی کے غنڈوں کی دھمکیوں سے مرعوب نہ ہونے پون کلیان کا اعلان

پون کلیان نے الزام عائد کیا کہ پولیس اور حکمراں جماعت کے قائدین میں ملی بھگت ہے۔ چیف منسٹر جگن موہن ریڈی کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے اداکار نے الزام عائد کیا کہ پولیس، ایک شخص کی ایما پر کام کررہی ہے۔

وشاکھا پٹنم: جنا سینا پارٹی کے قائد و فلمی اداکار پون کلیان نے وشاکھا پٹنم ایر پورٹ واقعہ میں ان کی پارٹی کے قائدین اور کارکنوں کی گرفتاری کی مذمت کی اور پارٹی کے تمام محروس قائدین کو فی الفور رہا کرنے کامطالبہ کیا۔

 انہوں نے کہا کہ ہفتہ کے روز پولیس نے جس طریقہ سے صورتحال سے نمٹنے کی کوشش کی وہ انتہائی غلط تھا، انہوں نے کہا کہ پولیس نے پارٹی کارکنوں اور قائدین کے ساتھ زیادتی کی۔ ایر پورٹ پر ریاستی وزیر اور حکمراں جماعت وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے قائدین کے قافلہ پر سنگباری کے الزام میں پولیس جنا سینا پارٹی کے چند قائدین اور کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔

 پون کلیان نے الزام عائد کیا کہ پولیس اور حکمراں جماعت کے قائدین میں ملی بھگت ہے۔ چیف منسٹر جگن موہن ریڈی کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے اداکار نے الزام عائد کیا کہ پولیس، ایک شخص کی ایما پر کام کررہی ہے اور اُس شخص کو سیلوٹ کررہی ہے جن کی کوئی عزت نہیں ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ پولیس، سابق وزیر و چیف منسٹر جگن کے چچا وائی ایس وویکا نندا ریڈی کے قتل کیس کو حل کرنے میں کیوں ناکام رہی ہے۔ پولیس سختی کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے پوچھا کہ کیا ہم غیر سماجی سرگرمیاں انجام دے رہے تھے؟۔

پون کلیان نے کہا کہ ان کی پارٹی پولیس فورس کا احترام کرتی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایسے افراد جو مسائل پیدا کرنا چاہتے ہیں، وہ پولیس کو مشتعل کرتے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت، عوام کے مسائل پر اٹھنے والی ہر آواز کو دبا نا چاہتی ہے اور عوام تحریک کاسامنا کرنے سے حکومت خوفزدہ ہوگئی ہے۔

 انہوں نے واضح کردیا کہ وہ وائی ایس آر سی  پی کے غنڈوں کی دھمکیوں سے مرعوب ہونے والے نہیں ہیں۔ پون کلیان نے الزام عائدکیا کہ ریاستی وزیر دھرمانا پرساد راؤ نے ایک سابق فوجی کی اراضیات پر قبضہ کرلیا ہے۔ اگر انہیں شمالی آندھرا سے محبت ہے تو ریاستی وزیر کو چاہئے کہ قبضہ کردہ اراضی، متعلقہ فوجی کے حوالہ کردیں۔

a3w
a3w