تلنگانہ

جمعیۃ علماء کا ممبر بننا باعثِ ثواب اور ملت کیلئے نفع بخش عمل ہے: حافظ پیر خلیق احمد صابر

اجلاس کی صدارت مولانا حافظ مقصود احمد طاہر صدر جمعیۃ علماء ضلع رنگا ریڈی نے فرمائی، جبکہ جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھرا پردیش کے جنرل سیکریٹری حافظ پیر خلیق احمد صابر دامت برکاتہم نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ اس اہم اجلاس کا اہتمام حضرت مولانا حافظ پیر شبیر احمد مدظلہ صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ کی سرپرستی میں کیا گیا تھا۔

حیدرآباد: جمعیۃ علماء ضلع رنگا ریڈی کے زیر اہتمام ایک اہم مشاورتی اجلاس جامعہ اسلامیہ اشاعت العلوم، این ٹی نگر، ایل بی نگر، حیدرآباد میں منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر سے بڑی تعداد میں ائمہ، مؤذنین، علماء کرام اور حفاظ نے شرکت کی۔

متعلقہ خبریں
جمعیتہ علماء ضلع نظام آباد کی مجلس منتظمہ کا اجلاس وممبر سازی مہم کا آغاز
ضلع مرکز میں 27 واں مفت سمر کراٹے کیمپ، طلباء کی صلاحیتوں کو نکھارنے کا سنہری موقع: چنہ ویرایا
اقلیتی طلبہ کے لیے UPSC امتحان کی مفت کوچنگ، درخواستوں کا آغاز
تلنگانہ میں آن لائن جوئے اور سٹے بازی میں خطرناک اضافہ، PRAHAR نے ریاست گیر سروے کا اعلان کر دیا
جمعیۃ علماء ہند کی ملک گیرممبرسازی مہم، مسجد ِرحمت بودھن میں مسلمانوں کی کثیر تعداد نے ممبرشپ حاصل کی

اجلاس کی صدارت مولانا حافظ مقصود احمد طاہر صدر جمعیۃ علماء ضلع رنگا ریڈی نے فرمائی، جبکہ جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھرا پردیش کے جنرل سیکریٹری حافظ پیر خلیق احمد صابر دامت برکاتہم نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ اس اہم اجلاس کا اہتمام حضرت مولانا حافظ پیر شبیر احمد مدظلہ صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ کی سرپرستی میں کیا گیا تھا۔

اجلاس کا ایجنڈا نہایت جامع اور ملت کی رہنمائی پر مبنی تھا۔ اس میں سمر کلاسز کے انعقاد، نو فارغ التحصیل علماء کی تہنیت، ممبر سازی مہم، اور تنظیمی و فکری رہنمائی جیسے اہم نکات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ علمائے کرام نے نہ صرف اپنے مشورے پیش کیے بلکہ جمعیۃ کے آئندہ منصوبوں میں عملی تعاون کا عزم بھی ظاہر کیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکریٹری حافظ پیر خلیق احمد صابر نے کہا کہ "جمعیۃ علماء ہند” ایک سو سالہ تاریخ کی حامل جماعت ہے، جس نے ہر دور میں امت کی رہنمائی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جماعت اکابر علماء کی قائم کردہ ہے اور برصغیر کے جید علماء کا اعتماد اس کو حاصل ہے۔ حافظ صاحب نے کہا کہ جمعیۃ ہمیشہ ملت کے مسائل پر آواز اٹھاتی رہی ہے اور عملی اقدامات کرتی رہی ہے۔

انہوں نے ممبر سازی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا،"جمعیۃ کا ممبر بننا نہ صرف باعثِ ثواب ہے بلکہ ملت کے لیے ایک نفع بخش عمل بھی ہے۔ اس سے فرد جمعیۃ کے دینی و ملی مشن کا حصہ بنتا ہے اور امت کی اجتماعی قوت میں اضافہ ہوتا ہے۔”

اس موقع پر صدر جمعیۃ ضلع رنگا ریڈی مولانا حافظ مقصود احمد طاہر نے بھی اپنے خطاب میں فرمایا کہ
"جمعیۃ علماء کو مضبوط کرنا ہم سب کی دینی، شرعی اور ملی ذمہ داری ہے۔ یہ جماعت مسلمانوں کی آواز ہے اور ان کے مسائل کی سچی ترجمان ہے۔”

انہوں نے کہا کہ جب بھی مدارس یا دینی ادارے کسی پریشانی میں مبتلا ہوئے، جمعیۃ سب سے پہلے ان کے ساتھ کھڑی رہی۔ خاص طور پر وقف بل کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ جمعیۃ نے اس بل کے خلاف سپریم کورٹ میں مؤثر قانونی جدوجہد کی، تاکہ مسلمانوں کے مذہبی اداروں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے علمائے کرام، ائمہ مساجد، دینی کارکنان اور نوجوان علماء سے اپیل کی کہ وہ ممبر سازی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ جمعیۃ علماء کا قافلہ مزید منظم اور فعال ہو کر ملت کی بہتر خدمت انجام دے سکے۔

اجلاس میں ضلع رنگا ریڈی کے تمام منڈلوں سے نمائندہ علماء و ائمہ کرام نے شرکت کی۔ شرکاء کے لیے پر تکلف طعام کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا تھا۔

اجلاس کے اختتام پر ڈاکٹر عباس خان، حافظ عظمت اللہ، مفتی محمود احمد قیصر، اور مفتی احمد عبیداللہ یاسر قاسمی نے تمام شرکاء کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ علما کی بھرپور شرکت نہ صرف اس اجلاس کی کامیابی کا مظہر ہے بلکہ ملت کے دینی و فکری اتحاد کی ایک خوبصورت مثال بھی ہے۔

آخر میں دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ جمعیۃ علماء کے مشن کو قبول فرمائے، اس میں برکت عطا کرے اور اسے ملت اسلامیہ کے لیے ذریعہ نجات بنائے۔